ڈراما سیریز ’’24‘‘

انیل کپور کے پروڈکشن ہاؤس کے تحت تیار کی گئی یہ ریالٹی اور فکشن پر مبنی سیریز ہندوستانی معاشرے سے جڑی ہوئی ہے۔


Mehrunnisa December 10, 2012
انیل کپور فلم انڈسٹری کے کام یاب ہیروز میں شمار کیے جاتے ہیں۔ فوٹو : فائل

انیل کپور ٹیلی ورلڈ میں ڈراما سیریز'' 24'' کے ذریعے قدم رکھ چکے ہیں اور اس سیریز کی مختلف اقساط میں اداکاری کے ساتھ ساتھ انھیں بہ طور پر پروڈیوسر بھی اپنی ذمے داریاں نبھانا ہیں۔

اس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ مشہور امریکی ڈراما سیریز کا ہندی ورژن ہے۔ انیل کپور کے پروڈکشن ہاؤس کے تحت تیار کی گئی یہ ریالٹی اور فکشن پر مبنی سیریز ہندوستانی معاشرے سے جڑی ہوئی ہے۔ ابتداء میں اس کا معاہدہ اسٹار پلس سے طے پانے کی خبر منظر عام پر آئی تھی، لیکن بعد میں فیصلہ کیا گیا کہ یہ کلرز ٹیلی ویژن چینل پر دکھائی جائے گی۔

انیل کپور فلم انڈسٹری کے کام یاب ہیروز میں شمار کیے جاتے ہیں۔ ان کا فلمی کیریر کئی شان دار کرداروں پر مشتمل ہے۔ انھوں نے ٹیلی ویژن پر اپنی آمد کے بارے میں بتایا،'' 24 کا اسکرپٹ میرے ہاتھ لگا تو میں بے حد متأثر ہوا اور اسے عکس بند کرنے کی ٹھانی۔ یہ میرے لیے زیادہ دشوار نہ تھا۔ تاہم اس کے لیے مجھے امریکا میں اس شو کے رائٹر اور پروڈیوسر ہاورڈ گورڈن سے اجازت لینا پڑی۔ میں ان سے ملا اور اپنے پروجیکٹ کے بارے میں بتایا۔ انھوں نے تھوڑی سوچ بچار کے بعد مجھے اس کے رائٹس دے دیے۔ میں ہندوستان واپس آیا اور یہاں متعلقہ آرٹسٹوں سے بات چیت کے بعد اسے فائنل کر دیا۔''

انیل کپور اپنے اس پروجیکٹ کے بارے میں خاصے پرجوش نظر آرہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی ورژن کو دنیا بھر میں پزیرائی حاصل ہوئی اور اس کی مقبولیت کا اندازہ کرنا آسان نہیں ہے۔ وہ اسے انڈیا کا ایک کام یاب شو دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

وہ ٹیلی ویژن پر اپنی آمد کو درست وقت پر کیا گیا فیصلہ قرار دیتے ہیں۔ انیل کپور کے مطابق انھیں ٹیلی ویژن پر ریالٹی شوز میں میزبان اور جج بننے کی متعدد آفرز تھیں، لیکن وہ انھیں رد کرتے رہے۔ انھوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ فلم سلم ڈاگ ملینیر کی کام یابی کے بعد انھیں چند بین الاقوامی سطح پر مقبول ٹی وی پروگراموں میں مختلف حیثیت سے کام کرنے کی پیش کش بھی کی گئی، لیکن وہ رضامند نہیں ہوئے۔ اسی دوران انھیں انڈیا میں رہ کر کام کرنے کا موقع اس ڈراما سیریز کی بدولت ملا اور وہ اس سے دور نہیں رہ سکے۔

اس ڈراما سیریز سے انیل کپور اور ان کی ٹیم نے بہت سی توقعات وابستہ کر رکھی ہیں، لیکن ناقدین نے اس پر خاص ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ آنے والے دنوں میں واضح ہو جائے گا کہ انیل کپور کی کاوش اور ان کے دعوے کس حد تک درست ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں