کیوں وہ تشدد پر اُتر آئی ہیں
بھارت میں مظلوم عورتوں کے تحفظ کے لیے سرگرم ڈنڈا بردار خواتین کا گلابی گینگ 2006 میں سمیت پال دیوی نے تشکیل دیا
گہرے گلابی رنگ کی ساڑھیاں پہنے بہت ساری عورتیں مجمعے کی صورت میں سروں پہ پلو ٹکائے کوئی خاص تربیت حاصل کرنے کے مشن پر ہیں۔ نہ کسی عورت کے ہاتھ میں دیا سلائی، نہ کپڑا، نہ برتن نہ جھاڑو، اور کتاب، اُس کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، بلکہ ان سب کے ہاتھوں میں بڑے بڑے بانس نما ڈنڈے ہیں۔ گھیرے کے بیچوں بیچ دو عورتیں ڈنڈا چلانے کی تربیت دینے میں مصروف ہیں۔ ان میں سے ایک، جو اُن عورتوں کی سربراہ معلوم ہوتی تھی، نہایت برق رفتاری سے اور مہارت کے ساتھ ڈنڈے کے دائو پیچ یوں دوسری عورت کو سکھا رہی ہے جیسے اس نے چین سے کنگ فو کی خاص مہارت حاصل کی ہو۔یہ بھارت کی ریاست اُترپردیش کا ایک گاؤں ہے، جہاں یہ ''سربراہ عورت'' جسے سب سمیت دیوی کے نام سے جانتے ہیں، مظلوم عورتوں کو اپنے تحفظ کے لیے تربیت دے رہی ہے، تاکہ یہ عورتیں اپنے اوپر ڈھائے جانے والے مظالم سے چھٹکارے کے لیے اب کسی کی محتاج نہ رہیں۔
کتنی مُنَظّم ہیں یہ خواتین۔ کیا ان کو دیکھ کر کوئی کہہ سکتا ہے کہ یہ پڑھی لکھی نہیں، حالاں کہ عورت کی پڑھائی کا تصور اب بھی ان کے گائوں میں معیوب ہے ۔ وقت اور حالات کی سختی نے ان عورتوں کے چہرے سے صنف نازک کی نازکی ختم کر دی ہے۔ کیا رعب دار چہرہ ہے اُس سربراہ عورت کا۔
رفتہ رفتہ ان کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے۔ خواتین دور دراز سے سمیت پال کے ساتھ آکر ملنا شروع ہوجاتی ہیں۔ مختلف این جی اوز ان سے رابطہ کرتی ہیں اور ایک گائوں میں بنیاد پانے والا یہ گروپ دو سال بعد اپنی پہچان بناتے ہوئے گلابی گینگ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
بھارت میں مظلوم عورتوں کے تحفظ کے لیے سرگرم ڈنڈا بردار خواتین کا گلابی گینگ 2006 میں سمیت پال دیوی نے تشکیل دیا، جس کی وجہ بڑے پیمانے پر خواتین پر کیا جانے والا گھریلو تشدد تھا۔ گروپ کی خواتین گلابی ساڑھی پہنے ہاتھ میں ڈنڈا اُٹھائے اپنی ریاست کی خواتین کے لیے سرگرم رہتی ہیں۔ یہ عورتوں پر ہونیوالے ظلم اور دیگر مسائل پر گہری نظر رکھتی ہیں۔
گلابی گینگ میں 22سے 50 سال تک کی خواتین شامل ہیں، جو مظلوم عورت کی آواز پر ذات پات کی تفریق کے بغیر لبیک کہتی ہیں اور ظلم کو مٹانے کے لیے حرکت میں آجاتی ہیں، جس کے لیے انھیں خصوصی تربیت دی جاتی ہے۔ گلابی گینگ کی خواتین نے گزشتہ کئی برسوں سے انصاف کی جنگ لڑتے ہوئے بھارت میں اور ملک سے باہر بھی نام روشن کیا ہے۔
جب ریاست اپنے عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہو جائے، تو گلابی گینگ جیسے گروپ منظر عام پر آتے ہیں۔ لیکن گلابی گینگ کی یہ خصوصیت ہے کہ اسے در پردہ حکومتی حمایت حاصل ہے۔ یہ گروہ نہایت منظم طریقے سے کام کر رہا ہے اور اب تک دس ہزار خواتین اس کا حصہ بن چکی ہیں۔ ان تمام حقائق کے باوجود چند سوالات ہیں جو ذہن میں پیوست ہوئے جاتے ہیں۔ عورت معاشرے میں تہذیبی اقدار کی امین ہے۔ پھر ایسا کیا ہوتا ہے کہ معاشرے کی تہذیب کو بالائے طاق رکھے یہ عورتیں تشدد پر آمادہ ہیں؟
ہم پاکستانی معاشرے کے حالات کا جائزہ لیتے ہیں تو اس حوالے سے صورت حال نہایت ابتر نظر آتی ہے۔ آج بھی کاروکاری غیرت کے نام پر قتل ، حق بخشوانے، ونی اور وٹہ سٹہ جیسی رسومات جاری ہیں۔ بہت سے علاقوں میں لڑکیوں کے لیے تعلیمی سہولتیں تقریبا ً ناپید ہیں اور بعض علاقوں میں موجود لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے کی اجازت ہی نہیں۔
شہری زندگی کی صورت حال بھی اس سے مختلف نہیں۔ شہروں میں بھی ایک طبقہ یہی زاویۂ نگاہ رکھتا ہے۔ تعلیم لڑکی کو دلوائی جاتی ہے تو صرف اس حد تک کے وہ ''پڑھ لکھ '' سکے، جب کہ اس کے شعوری طور پر عملی زندگی میں قدم رکھنے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جاتی، جو بہرحال ساری زندگی اس کے لیے مسائل پیدا کرتی ہے۔ عورت کے ساتھ ایسا سلوک کیا جاتا ہے جیسے وہ شوہر یا باپ کی ملکیت ہو۔ بیٹی کے طور پر وہ اپنے باپ کی ملکیت ہوتی ہے اور وہ جس سے چاہے اپنی بیٹی کی شادی کرسکتا ہے اور شادی کے بعد اس کی زندگی پر مکمل طور پر شوہر کی اجارہ داری ہوجاتی ہے۔ پاکستان کے بعض علاقوں میں باپ پیسے کے عوض اپنی بیٹی فروخت کر دیتا ہے اور بعض جگہ اسے نام نہاد رسومات کی بھینٹ چڑھایا جاتا ہے۔ لڑکی کو خرید کر شادی کرنیوالا شادی کے بعد یہ سمجھتا ہے کہ وہ جب چاہے اپنی بیوی سے ہر طرح کی مشقت لے سکتا ہے۔
یہ تصورات عورت کو ہی نہیں پورے معاشرے کو نقصان پہنچا رہے ہیں، جس کے رفتہ رفتہ خطرناک نتائج حالیہ چند برسوں میں دیکھنے میں آئے ہیں۔ کہیں لڑکیوں کو زندہ درگور کر دیا گیا۔ کہیں بااثر افراد نے ان پر کتے چھڑوا دیے۔ کہیں سرعام کوڑے مارے گئے اور فخر سے سینہ تان کر اسے اپنی غیرت اور پشتوں سے چلی آنیوالی روایت کا نام دیا گیا۔ یہ انتہائی ظلم اور انصاف کے تقاضوں کے قطعی برعکس ہے۔
ملک بھر میں اس وقت 14 ہزار این جی اوز مختلف مقاصد کے لیے کام کر رہی ہیں، لیکن تبدیلی کی کوئی خاطر خواہ صورت نظر نہیں آتی۔ قوانین بے تحاشا بنا دیے گئے، لیکن عمل درآمد نہ کروایا جاسکا۔ قوانین کی پاسداری نہ ہونے کی وجہ سے ہی یہ عالم ہے کہ ہمارا معاشرہ حد درجہ تشدد پسندانہ روش اختیار کر چکا ہے، جس کا مظاہرہ احتجاج کے موقعے پر ہوتا رہتا ہے۔ لوگ مختلف معاملات پر احتجاج کرنے نکلتے ہیں تو غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے آپے سے باہر ہوجاتے ہیں۔ کیا یہ غم و غصہ منظم طریقے سے معاشرے کی بہتری کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ گلابی گینگ کی چند سو عورتیں جو رفتہ رفتہ منظم ہوتے ہوئے ایک بڑی طاقت بن کر سامنے آئیں اور معاشرے میں بہتری پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ کیا ہم بھی اسی منظم طریقے سے احتجاج نہیں کر سکتے۔
تشدد کی حمایت کسی بھی طور پر نہیں کی جاسکتی۔ نہ ایسے گروپس کو سراہا جاسکتا ہے جو قانون ہاتھ میں لیں۔ لیکن حکومت کے ساتھ مل کر قوانین کی پاسداری اور معاشرے میں بڑھتے منفی رجحانات کو کم کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح گھریلو تشدد، زبردستی کی شادیوں، جہیز کے مطالبات اور خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کی روک تھام کے ساتھ عورتوںاور مردوں کے لیے یکساں طور پر روزگار اور قرضوں کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ معاشرے میں بہتری کا جذبہ رکھنے والوں کو مُنظم ہو کر ایسے اقدام کرنے کی ضرورت ہے جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں۔
اپنی زندگی کے نصب العین اور مقاصد کا واضح تصور رکھنا انسانیت کا تقاضا ہے اور کھوئی ہوئی انسانیت کی تلاش ہم سب کا فرض۔