انڈر 18 ایشیا ہاکی پاکستانی پیش قدمی کا بھارت کے ہاتھوں اختتام

سیمی فائنل میں1-3سے رخصتی کا پروانہ ملا،واحد گول امجد خان نے بنایا، بنگلہ دیش


Sports Desk September 30, 2016
چائنیز تائپے کو6-1سے تختہ مشق بناکرفیصلہ کن معرکے میں پہنچ گیا۔۔ فوٹو: انڈین ایکسپریس

ISLAMABAD:  

انڈر 18ایشیا کپ ہاکی میں پاکستانی پیش قدمی کا بھارت کے ہاتھوں اختتام ہو گیا، سیمی فائنل میں گرین شرٹس کو1-3سے رخصتی کا پروانہ ملا، واحد گول امجد علی خان نے پنالٹی کارنر پربنایا، بنگلہ دیش نے چائنیز تائپے کو6-1سے تختہ مشق بنا کر فائنل میں رسائی حاصل کی، اشرفل نے ہیٹ ٹرک بنائی، چیمپئن کا فیصلہ جمعے کوہوگا، پاکستان اور چائنیز تائپے تیسری پوزیشن کے میچ میں مدمقابل آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے روایتی حریف پاکستان کو انڈر18ایشیا کپ ہاکی کے سیمی فائنل میں3-1سے شکست دیدی، جمعرات کو مولانا بھاشانی اسٹیڈیم میںکھیلے جانے والے میچ میں فاتح ٹیم نے ساتویں منٹ میں ہی اسٹرائیکر شیوم آنند کے گول کی بدولت برتری حاصل کی۔

بھارتی سائیڈ نے اس کے بعد بھی پہلے ہاف میں گول کرنے کیلیے کوششیں جاری رکھیں جس کا صلہ بھی ملا، وقفے سے صرف 3منٹ قبل دلپریت سنگھ نے پنالٹی کارنر پر گول داغ کر گرین شرٹس کا خسارہ 2-0کردیا، کھیل کے دوسرے ہاف میں بلو شرٹس نے عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کنٹرول برقرار رکھا۔

اس دوران اسے ایک اور پنالٹی کارنر ملا، فاؤل کے باعث کچھ ہی لمحوں میں ریفری کی جانب سے پنالٹی اسٹروک ایوارڈ کیا گیا جسے پاکستانی گول کیپر نے خوبصورتی سے ناکام بنا کرمیچ میں ٹیم کی امیدیں برقرار رکھیں، 46ویں منٹ میں نیلام سنجیپ زیس نے ایک اور پنالٹی کارنر پر گیند کو جال کی راہ دکھاتے ہوئے بھارتی برتری 3-0کردی،اس کے بعد گرین شرٹس نے میچ میں واپس آنے کی کافی کوشش کی تاہم وہ بھارت کے 3گولز کو برابر نہیں کرپائے۔

63ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر امجد علی خان نے گول کرتے ہوئے اسکور1-3کیا، اس کے بعد دنوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں اور اسی اسکور پر میچ کا اختتام ہوا، فائنل میں بھارتی انڈر18ٹیم کو بنگلہ دیش کے چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا،میزبان نے سیمی فائنل میں چائنیز تائپے کو6-1سے تختہ مشق بنایا، اشرفل اسلام نے3 گول کیے، راجو احمد، ساجب حسین اور فضل حسین ربی ایک ایک بار گیند کو جال کے سپرد کرنے میں کامیاب رہے۔

چائنیز تائپے کے چن فینگ لیو نے ایک گول بنا کر اپنی ٹیم کے آنسو پونچھنے کا کچھ سامان کیا، گروپ میچ میں بھارت اور اومان کو ٹھکانے لگانے والی بنگلہ سائیڈ ابتدائی ہاف میں بہتر کھیل پیش کرنے میں ناکام رہی اور پلیئرز نے کئی پاسز بھی مس کیے، پہلے ہاف کے اختتام پر بنگلہ دیش کو2-0کی سبقت حاصل تھی، وقفے کے بعد ٹیم نے باؤنس بیک کرتے ہوئے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا، چائنیز تائپے نے 41ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے خسارہ کم کیا۔

ایک مرحلے پر ٹیم میچ برابر کرنے کے بھی قریب تھی تاہم چونگ پانگ شنگ گول بنانے میں ناکام رہے، کھیل کے آخری 22منٹ میں میزبان ٹیم نے 4گولز داغے، بنگلہ سائیڈ نے حریف کو دباؤ میں لیتے ہوئے اس دوران اپنی مکمل برتری ثابت کی، اس سے قبل افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش نے بلو شرٹس کو سنسنی خیز مقابلے میں 5-4سے شکست دے کر ناقدین کو حیران کردیا تھا، اس بات کے پیش نظر حتمی میچ میں دنوں ٹیموں کی جانب سے سخت مقابلے کی توقع ہے، پاکستان اور چائنیز تائپے تیسری پوزیشن کے میچ میں مدمقابل آئیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں