وفاقی کابینہ نے بھارت کا سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ مسترد کردیا

پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، وفاقی کابینہ کا خراج تحسین

پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، وفاقی کابینہ کا خراج تحسین، فوٹو؛ پی آئی ڈی

ISLAMABAD:
وفاقی كابینہ نے سرجیكل اسٹرائیك كا بھارتی دعویٰ مسترد كردیا ہے جب كہ وزیراعظم نواز شریف نے كہا ہے كہ كسی كو بھی پاكستان كی طرف میلی نگاہ ڈالنے كی اجازت نہیں دی جائے گی۔



وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت ہوا جس میں سیكرٹری خارجہ نے شركا كو مقبوضہ كشمیر كی صورتحال اور بھارت كی جانب سے انسانی حقوق كی خلاف ورزیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اعزاز چوہدری نے بھارت كی جانب سے بدھ اور جمعرات كی درمیانی شب كنٹرول لائن پر سیز فائر كی خلاف ورزی سے بھی كابینہ كو آگاہ كیا جب كہ پانی بند كرنے كی دھمكیوں كے حوالے سے پاكستان كے پاس موجود آپشنز بھی بیان كیے۔



وفاقی كابینہ كے اجلاس میں مقبوضہ كشمیر كی مجموعی صورتحال كا جائزہ لیا گیا اور كابینہ نے اُڑی حملے پر اشتعال انگیز بیانات پر افسوس كا اظہار كیا۔ اجلاس میں پوری وفاقی كابینہ كا مشتركہ مؤقف تھا كہ بھارتی فوج كی كارروائیاں كشمیریوں كے جذبہ حریت كو ختم نہیں كر سكتا، بھارتی جارحیت پورے خطے كے امن كے لیے خطرہ ہے، بھارتی جارحیت كا مقابلہ كرنے كے لیے پوری قوم متحد ہے، كابینہ نے سرجیكل اسٹرائیك كا بھارتی دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نے عالمی قوانین كی خلاف ورزی كی۔




كابینہ اجلاس سے خطاب كرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے كہا كہ كشمیر تقسیم ہند كا نامكمل ایجنڈا ہے اور پاكستان اس مسئلے كو كسی صورت نظر انداز نہیں كر سكتا جب كہ مقبوضہ كشمیر میں بھارتی فوج كے مظالم ان كا جذبہ حریت كچل نہیں سكتے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت كی مقبوضہ كشمیر میں بربریت اور جارحیت ناقابل قبول ہے، بھارتی جارحیت پورے خطے كے امن كے لیے خطرہ ہے، امن كے لیے پاكستان كا عزم كمزور نہیں ہونے دیا جائے گا اور عوام جغرافیائی سرحدوں كی حفاظت كے لیے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔



وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ روز ایل او سی پر شہید ہونے والے پاك فوج كے جوانوں كو خراج عقیدت پیش كرتے ہوئے كہا كہ واضح كردوں دفاع وطن كے لیے قوم كا بچہ بچہ تیار ہے اور پوری قوم بہادر مسلح افواج كے شانہ بشانہ كھڑی ہے، ملكی دفاع كے لیے كسی بھی قسم كی قربانی سے دریغ نہیں كیا جائے گا۔ انہوں نے كہا كہ اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت كی كوشش كی تو آئندہ بھی اس كا بھرپور طریقے سے جواب دیا جائے گا جب كہ ایل او سی پر بھارتی جارحیت كا معاملہ عالمی فورم پر بھی اٹھایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی توانائیاں عوام كی فلاح و بہبود پر مركوزكرناچاہتے ہیں، غربت، بے روزگاری كا خاتمہ، ترقی كی منزل حاصل كرنا ہمارا عزم ہے، ترقی و خوشحالی كا مقصد حاصل كرنے كیلیے امن چاہتے ہیں۔

Load Next Story