تھری جی لائسنس نیلامی کی مانیٹرنگ کیلیے کمیٹی قائم

کمیٹی میڈیا، سول سوسائٹی، نیب کے نمائندوں، تکنیکی واقتصادی ماہرین پر مشتمل ہوگی


APP December 11, 2012
اسلام آباد: وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف تھری جی لائسنسز کی نیلامی کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔ فوٹو : ثناء

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے تھری جی لائسنس نیلامی کی نگرانی کے لیے 5 رکنی اوورسائٹ کمیٹی تشکیل دیدی۔

کمیٹی میڈیا، سول سوسائٹی، نیب کے نمائندوں، تکنیکی ماہر اور ماہر اقتصادیات پر مشتمل ہوگی۔ یہ فیصلہ تھری جی آکشن سپروائزری کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وزیراعظم نے کی۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ حکومت ملک میں جدید ترین ٹیکنالوجی متعارف کرانا چاہتی ہے، تھری جی لائسنس کی نیلامی حکومتی ریونیو میں اضافے کے ساتھ صحت مند مسابقت کو فروغ دینے کے مقصد سے پلان کی جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ نیلامی کی مانیٹرنگ کرنے والی کمیٹی میں قابل احترام، ایماندار لوگ شامل ہونگے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔

7

انھوں نے کہا کہ میں بطور وزیراعظم یقین دہانی کراتا ہوں کہ ایک پیسے کی بھی خیانت نہیں ہونے دی جائے گی، تھری جی ایک قابل قدر اثاثہ ہے جس سے ملکی معیشت، بیرونی سرمایہ کاری اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

اس موقع پر بین الاقوامی کنسلٹنٹس ڈاکٹر روب نیکلولس، ڈینس وارڈ، مارٹن سیمس نے کینیڈا، آسٹریلیا اور برطانیہ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بریفنگ دی۔ اجلاس میں وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ، چوہدری احمد مختا اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں