نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک پر بھارتی اداکار بھی پاکستان کے خلاف زہر اگلنے لگے
حال ہی میں بھارتی شہریت پانے والے عدنان سمیع خان نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور فورسز کو دہشت گردوں کے خلاف جرات مندانہ اور کامیاب آپریشن پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں سیلوٹ پیش کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستانی میرے ٹویٹ سے آگ بگولہ ہو گئے ہیں اور ان کا غصہ واضح کرتا ہے کہ یہ لوگ پاکستان اور دہشت گردوں کو ایک جیسا ہی دیکھتے ہیں۔
اکشے کمار نے اپنے دل کا بغض ظاہر کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کرنے پر بھارتی فوج پر فخر ہے اور بھارتی حکومت اس قسم کا اقدام اٹھانے پر مبارکباد کی مستحق ہے۔
دو روز قبل اپنی 85 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستانی مداحوں سے ملنے کی خواہش کا اظہار کرنے والی گلوکارہ لتا منگیشکر کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے فوجیوں اور وزیراعظم پر فخر ہے۔
پاکستان کے خلاف زہر اگلنے میں بھارتی اداکار شاہ رخ خان بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیں اور انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرنے پر بھارتی فوج کا شکریہ، ہم سب کو بھارتی فوجیوں کی حفاظت کے لئے دعا کرنی چاہیئے۔
اس کے علاوہ جان ابراہم، کنگنا رناوت اور سوناکشی سنہا نے بھی اڑی حملے کو پاکستان سے منسلک کرتے ہوئے اپنے ملک کی جارحیت کو درست قرار دیا ہے۔