ایم کیوایم انسداد پولیو مہم میں بھرپور حصہ لے گی صغیر احمد

ڈاکٹر عذرا پیچوہوکی خورشید بیگم سیکریٹریٹ میں رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات

ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا کہ ایم کیو ایم کے اراکین انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ فوٹو: فائل

انسداد پولیو کمیٹی کی چیئرپرسن و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی سربراہی میں ایک نمائندہ وفد نے پیر کے روز خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن و صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد اور ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن و صوبائی مشیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی رضاہارون سے ملاقات کی۔


ملاقات میں ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے رابطہ کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انسداد پولیو کیلیے ہم نے گذشتہ دنوں ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں بھی رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی تھی جس میں رابطہ کمیٹی کے ارکان نے انسداد پولیو کیلیے ایم کیوایم کے بھر پور اور عملی تعاون کا یقین دلایا تھا۔

انھوں نے کہا ملک بھر میں پولیو مہم کو مزید مربوط اور منظم بنانے کیلیے آج ہم خورشید بیگم سیکریٹریٹ آئے ہیں تاکہ17دسمبر کو شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کو ایم کیوایم کے تعاون سے مزید کامیاب بنایا جاسکے ، ملاقات میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کےارکان نے وفد کا خیر مقدم کیا اور انسداد پولیو مہم میں قائد تحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم کی جانب سے غیر مشروط اور مکمل تعاون کا یقین دلایا،انھوں نے کہاکہ ایم کیوایم اور خدمت خلق فائونڈیشن کے علاوہ اس کے مختلف شعبہ جات کے اراکین اوررضاکار 17دسمبر سے شرو ع ہونے والی انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور ملک بھر میں قائم ایم کیوایم کے دفاتر پر بھی انسداد پولیو مہم میں اپنا بھر پور اور عملی کردار ادا کریں گے۔
Load Next Story