عمران خان کی وزیراعظم کو احتساب کے لئے محرم تک کی ڈیڈ لائن

وزیراعظم نے خود کو احتساب کیلئے پیش نہ کیا تو اسلام آباد کو بند کیا جائے گا، چیئرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک September 30, 2016
نوازشریف کو دل کا مسئلہ نہیں بلکہ پیٹ کا مسئلہ ہے، چوری کے پیسے نے حکمرانوں کو بزدل بنادیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی. فوٹو؛ فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف مزید جلسے نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہیں احتساب کے لئے خود کو پیش کرنے کے لئے محرم تک کی ڈیڈ لائن دی ہے۔

لاہور میں رائیونڈ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم نے محرم تک خود کو احتساب کے لئے پیش نہ کیا تو تحریک انصاف وزیراعظم کو حکومت کرنے نہیں دے گی اور اس بار اسلام آباد کو بند کیا جائے گا، وزیراعظم نواز شریف پاناما لیکس میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں جب کہ پاناما لیکس الزام نہیں بلکہ اس میں کرپشن کے ثبوت ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف آپ کو دل کا مسئلہ نہیں بلکہ پیٹ کا مسئلہ ہے، چوری کے پیسے نے حکمرانوں کو بزدل بنادیا ہے، وزیراعظم کو مغل اعظم کی طرح رہنا ہے تو وہ اپنا پیسہ خرچ کریں ، عوام کا پیسہ اپنی شاہانہ زندگی پر کیوں خرچ کرتے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جاتی امرا کی سیکیورٹی کے لئے ساڑھے 8 ارب روپے خرچ کئے جاچکے ہیں اور یہاں سے گزرنے والی نہر کو روک لیا گیا جس کے باعث کسان تباہ ہو گئے، امریکا کا وائٹ ہاؤس رائے ونڈ محل سے آدھا ہے جہاں وائٹ ہاؤس سے زیادہ ملازمین ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے کرپٹ شخص کو ایف بی آر کا چیئرمین بنایا جو ہر ماہ 25 ارب روپے دبئی بھجواتے ہیں، صرف غریب لوگوں کو ہی پکڑا جاتا ہے، انصاف کے اداروں کو اتنی بڑی چوری نظر کیوں نہیں آتی، مغربی ممالک میں ادارے مضبوط ہیں اس لیے وہ ترقی کررہے ہیں لیکن یہاں کرپشن کرکے بیرون ملک فلیٹ خریدے گئے، کرپشن کے باعث ملک کے ادارے تباہ ہوجاتے ہیں، حکمران قوم سے جھوٹ بول رہے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف نے 4 قوانین توڑے جس میں اثاثےچھپانے، کرپشن، ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ شامل ہے، لندن کے مے فیئر کے مہنگے علاقوں میں ان کے فلیٹس موجود ہیں، کیوں نہیں بتایا گیا کہ اربوں روپے کہاں سے آئے جب کہ وزیر دفاع خواجہ آصف اسمبلی میں کہتے ہیں فکر نہ کرو تھوڑی دیر بعد لوگ بھول جائیں گے لیکن انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ پاناما لیکس کو قوم بھولے گی نہ میں بھولنے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو تباہ کرنے والے کرپٹ حکمران ہیں، میں یہ جدوجہد وزیراعظم بننے کے لیے نہیں کر رہا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو للکارتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی صرف نواز شریف کو دیکھ کر کسی غلط فہمی میں نہ رہنا کیوں کہ ہر پاکستانی کو نواز شریف کی طرح اپنا کاروبار پیارا نہیں کیوں کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، نریندرمودی پرافسوس ہےکہ وہ گجرات واقعےکےبعدبھی تبدیل نہیں ہوئے انہوں نے بھارتی عوام اور پاکستان کے لوگوں کو بھی مایوس کیا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ بھارتی مظالم سے تنگ آچکے ہیں جہاں 26 سال سے فوج موجود ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، نوازشریف نے اقوام متحدہ میں کشمیر کے حوالے سے زبردست باتیں کیں لیکن تقریر سن کر لگ رہا تھا کہ وہ دل سے باتیں نہیں کررہے اورایسا محسوس ہورہا تھا کہ نوازشریف مجبوری میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے تھے، نریندر مودی کان کھول کرسن لو کہ پاکستانی قوم متحد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی قوم کو کبھی کسی کے سامنے جھکنے نہیں دوں گا اور ہرحال میں کشمیریوں کی حمایت کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں