سرکاری اسامیوں پر لوگوں کو میرٹ پر کوٹے کے مطابق ملازمتیں دیں گے مولا بخش چانڈیو

مخالفین مخصوص صوبے سے ملازمین کو نکالتے ہیں لیکن پیپلزپارٹی نے کبھی انتقامی کارروائی نہیں کی، مشیر اطلاعات سندھ

نوکریوں کے حوالے سے کوٹے پر عملدرآمد ہوگا کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی، مولابخش چانڈیو فوٹو: فائل.

مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبے میں نوکریوں سے پابندی ہٹادی ہے ایک ماہ کے اندر اہلیت پر نوکریاں دی جائیں گی۔

سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشیراطلاعات مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ سندھ کےعوام کے لئے خوشخبری ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے نوکریوں سے پابندی ہٹادی ہے اور میرٹ کی بنیاد پر ایک ماہ کے اندر نوکریاں دی جائیں گی اور بے چینی دور کرنے کےلیےقانونی کوٹے پرعمل کرایا جائےگا۔ مشیراطلاعات سندھ نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبے میں شادی ہال، مارکٹیں اور بازار 10 بجے بند کرادیئے جائیں گے اورجو قوانین پاس ہوئے ان پر سختی سے عملدرآمد ہوگا۔


مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ مخالفین مخصوص صوبے سے ملازمین کو نکالتے ہیں لیکن پیپلزپارٹی نے کبھی انتقامی کارروائی نہیں کی، نہ ملازمین کو بے روزگار کیا اور نہ ہی زبان کا فرق کیا حیدرآباد میں اردوبولنے والے ڈاکٹروں کوملازمتوں پرلگوایا، جونیجو کے زمانے میں رکھے گئے ملازمین کو پیپلز پارٹی نے ہی مستقل کیا اب بھی کوٹے پر عملدرآمد ہوگا کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی سالمیت کے لئے ہم سب ایک ہیں اورپاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

Load Next Story