لاہورسمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن

بجلی کا بحران مزید کچھ روز تک جاری رہ سکتا ہے، ترجمان وزارت پانی و بجلی

بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے باعث شہریوں نے رات تاریکی میں گزاری۔ فوٹو: فائل

پنجاب کے مختلف شہروں میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے باعث عوام نے رات اندھیرے میں گزاری جب کہ حکام وزارت پانی و بجلی کا کہنا ہے کہ صورت حال مزید کچھ دنوں تک جاری رہ سکتی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاور کمپنی کو تیل کی عدم فراہمی کے بعد 3 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی جس کی وجہ سے بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا۔ بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، بہاولنگر، گوجرانوالہ، نارنگ، فیصل آباد، جھنگ، قصور، پھول نگر، پتوکی، مرید کے، جہلم، چکوال کے بعض علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی اورشہریوں نے رات اندھیرے میں گزاری۔ لاہور میں بھی گڑھی شاہو، دھرم پورہ، صدر، مغلپورہ، اچھرہ، جوہرٹاون، مسلم ٹاون، سمن آباد اوراندرون شہر کے علاقے اندھیرے میں ڈوبے رہے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ نندی پور، کوٹ ادو، مظفرگڑھ اور دیگر نجی پاور پلانٹ کمپنیوں کی جانب سے نیشنل گرڈ کو صرف 40 فیصد بجلی فراہم کی جا رہی ہے، کچھ علاقوں میں ٹرانسمیشن سسٹم لوڈ نہیں اٹھا رہے جس کی وجہ سے اسلام آباد پاورکنٹرول سینٹرسے گرڈ اسٹیشن براہ راست بند کئے جا رہے ہیں۔

وزارت پانی و بجلی کے مطابق گرمی میں اضافے کے باعث بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے، بجلی کی طلب ساڑھے 16 ہزارمیگاواٹ ریکارڈ کی گئی جب کہ پیداوار ساڑھے 11 سے 12 ہزار رہ گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق موجودہ صورتحال کچھ دن تک جاری رہ سکتی ہے، 4 آئی پی پیز اور 2 جینکوزکی غیر متوقع بندش سے لوڈشیڈنگ کرنا پڑگئی، متاثرہ پلانٹس کی بحالی سے صورتحال بہتر ہو جائے گی، دشواری پر صارفین سے معذرت خواہ ہیں۔

Load Next Story