بھارت سے آزادی چھیننے تک کشمیری چین سے نہیں بیٹھیں گے صدر آزاد کشمیر

پاک فوج نے ہمیشہ بھارت کے بلا اشتعال اور مذموم حملوں کو ناکام بنایا، صدرآزاد کشمیرمسعود خان

پاک فوج نے ہمیشہ بھارت کے بلا اشتعال اور مذموم حملوں کو ناکام بنایا، صدرآزاد کشمیرمسعود خان فوٹو: فائل

صدرآزاد کشمیر سردارمسعود خان نے کہا کہ ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزی کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے عالمی توجہ ہٹانا ہے جب کہ کشمیری اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک بھارت سے آزادی چھین نہ لیں۔

صدرآزاد کشمیر مسعود خان کا کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتے ہیں، بھارت پاکستان کے ساتھ باہمی معاہدوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، آزاد کشمیر کے عوام پاکستانی افواج کے شانہ نشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ بھارت کے بلا اشتعال اور مذموم حملوں کو ناکام بنایا جب کہ ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزی کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے توجہ ہٹانا ہے۔

آزادکشمیر کے صدر نے کہا کہ بھارتی افواج نہتے کشمیریوں پر ظلم کر رہی ہے، عالمی برادری بھارت کو کشمیر میں مظالم سے روکے، دنیا مصلحت کا شکار ہے اس لیے مسئلہ کشمیر پر خاموش ہے جب کہ وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ جانے سے پہلے کشمیری قیادت سے مشاورت کی، بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی آواز اٹھانے پر وزیراعظم نوازشریف کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے ایل او سی پر بھارتی جارحیت کے نتیجے شہید ہونے والے پاک فوج کےدونوں شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہارکیا۔


اس خبر کو بھی پڑھیں: بھارتی فوج پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کی اہلیت ہی نہیں رکھتی

مسعود خان نے کہا کہ کشمیری پہلے ہی بہت زیادہ قربانیاں دے رہے ہیں اور مزید کیا قربانی مانگی جاسکتی ہے، کشمیریوں کی جدوجہد دہشت گردی نہیں بلکہ جدو جہد آزادی ہے، نہ کشمیریوں نے ہمت ہاری ہے اور نہ ہی پاکستان نے، مقبوضہ کشمیر کےعوام روزانہ ریفرنڈم کے ذریعے بھارتی قبضہ مسترد کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارت خون بہا کرنسل کشی کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو منسوخ کر کے بھارت بہت بڑی حماقت کرے گا۔

صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت نے گھبرا کر ایل او سی پر نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک کا شوشا گڑھا لیکن ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہندوستان سے آزادی چھین نہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے اور کشمیری عوام بھارتی تسلط کو یکسر مسترد کر چکے ہیں، بھارت کے لئے بہتری اسی میں ہے کہ وہ مذاکرات کی طرف لوٹ آئے، تحریک آزادی کی قیادت نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے جب کہ ہم بھی مقبوضہ کشمیر پر اپنی کوشش جاری رکھیں گے۔

Load Next Story