انتہا پسندوں کا تنگ نظر ایجنڈا مسلط نہیں ہونے دینگے راجا پرویز

اقلیتوں کے مساوی حقوق کیلیے بل لائیں گے،ضمانت دیتا ہوں تھری جی لائسنس نیلامی میں ایک پیسے کی خورد برد نہیںہونے دینگے

پہلی مرتبہ انسانی حقوق کیلیے محافظوں کی تقرری کا فیصلہ کیا،جمہوریت اور امن کا چولی دامن کا ساتھ ہے، تقریب سے خطاب فوٹو: فائل

وزیراعظم راجا پرویزاشرف نے کہا ہے کہ حکومت نے انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے انقلابی اقدامات کیے ہیں، انسانی حقوق کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔

پہلی مرتبہ انسانی حقوق کیلیے محافظوں کی تقرری کرنیکا فیصلہ کیا ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے، انتہا پسندوں کے تنگ نظر ایجنڈے کو کسی صورت مسلط نہیں ہونے دینگے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے مشیر برائے انسانی حقوق مصطفی نواز کھوکھر کی طرف سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہاکہ ہندوئوں اور عیسائیوں کی شادی اور طلاق سے متعلق بل لانے کا فیصلہ کیا ہے، مجوزہ بل سے ہندو اور عیسائی برادری کو ریاست کے مسلمان شہریوں کے مساوی مقام دیاجائیگا۔ انھوں نے کہا کہ جمہوریت اورامن کاچولی دامن کاساتھ ہے ، ہمارا دور جمہوریت کیلیے جدوجہد ، معاشرے کے تمام افراد کے حقوق کے تحفظ ، قانون کی بالادستی اور پارلیمانی نظام کو مضبوط بنانے کیلیے کوششوں سے عبارت ہے جبکہ غیر ریاستی عناصر کیخلاف بھی جنگ لڑ رہے ہیں ۔




اے پی پی کے مطابق وزیراعظم نے اپنی تقریر کا اختتام اس شعرکیساتھ کیا ''مسجد ڈھا دے ،مندر ڈھا دے ،ڈھا دے جو کجھ ڈھیندا ۔ پر کسی دا دل نہ ڈھاویں، رب دلاں وچ رہیدا''۔ قبل ازیں وزیراعظم نے انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا۔ ان میں سیدہ ماجدہ رضوی ،سید اقبال حیدر (مرحوم )، ملالہ کیساتھ زخمی دوطالبات شازیہ، کائنات، میاں افتخار، نرجس زیدی، زیب النسا محسود اور ایس پی خورشید شہید شامل ہیں۔ دریں اثناء وزیراعظم نے تھری جی لائسنسوں کی نیلامی کے عمل کی نگرانی کیلیے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے، کمیٹی میں میڈیا، سول سوسائٹی، قومی احتساب بیورو کے نمائندوں کے علاوہ ٹیکنیکل ایکسپرٹ اور ماہر اقتصادیات شامل ہونگے، وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ نیلامی کے عمل کو ہرقیمت پر شفاف بنایا جائیگا، اس بات کی ضمانت دیتا ہوںکہ ایک پیسے کی بھی خوردبرد نہیں ہونے دی جائیگی ۔
Load Next Story