پیرس لڑکیوں کی تعلیم کیلئے ملالہ فنڈ قائم قومی اسمبلی نے طالبہ کو دختر پاکستان قرار دیدیا

پاکستان نے فنڈ کیلیے ایک کروڑ ڈالر کی ابتدائی رقم دیدی، ملالہ کے متاثر کن عالمی شخصیت بننے کا اعتراف، صدر زرداری


Numainda Express/APP December 11, 2012
صدر زرداری پیرس میں ملالہ پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

پاکستان اور یونیسکو نے پاکستان اور دیگر ممالک میں عالمی برادری کی معاونت سے بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لئے پیر کو ''لڑکیوں کی تعلیم کے حق کے لیے ملالہ فنڈ'' کے قیام کے لیے ایک تاریخی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

وفاقی وزیر تعلیم و تربیت شیخ وقاص اکرم اور یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل ارینا بکووا نے یونیسکوکے پیرس ہیڈ کوارٹرز میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے، اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری بھی موجود تھے۔ تقریب بچیوں کی تعلیم کے فروغ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے دن کو منانے کے لئے ملالہ کے بارے میں بین الاقوامی کانفرنس کی مناسبت سے منعقد ہوئی۔ پاکستان نے فنڈ کے لیے ایک کروڑ ڈالر کی ابتدائی رقم کا اعلان کیا ہے۔ ملالہ یوسفزئی پر قاتلانہ حملے کے حوالے سے ایم او یو میں ان کی جرأت کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ دنیا بھر میں بچیوں کی تعلیم کی پر زور حمایت اور مثبت خیالات کو فروغ دینے کے لئے امید پیدا کرنے کے حوالے سے ایک متاثر کن عالمی شخصیت بن چکی ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے جمہوریت کیلئے بہت قربانیاں دیں۔

جمہوریت کے ذریعے ہی امن قائم کیا جاسکتا ہے۔ ملالہ یوسفزئی پر حملہ تاریک قوتو ں نے کیا، ملالہ روشن اور ترقی یافتہ پاکستان کی عکاس ہے، شدت پسند اسلام کو بدنام کررہے ہیں۔ اپنے بچوں کو تعلیم دیکر دہشتگردوں کوشکست دیںگے۔ تقریب میں حکومتوں، اقوام متحدہ کے شراکت داروں، بین الاقوامی تنظیموں، امدادی اداروں، نجی شعبے، سول سوسائٹی اور دوسرے متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ صدر زرداری نے کہا کہ وہ پاکستان کی بیٹی ملالہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ملالہ پر تعلیم دشمن قوتوں نے حملہ کیا تھا۔ کانفرنس کے انعقاد پر یونیسکو کے مشکور ہیں جبکہ کانفرنس میں شرکت پر فرانسیسی وزیر اعظم کے بھی شکرگزار ہیں۔ ہمارا ویژن جمہوریت اور ترقی پسند پاکستان ہے، اسلام امن کا درس دیتا ہے اورملالہ روشن اور ترقی پسند پاکستان کی عکاس ہے ۔ایم او یو کے ذریعے یونیسکو نے ملک کے اندر اور باہر بچیوں کی تعلیم کے تحفظ اور فروغ کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں اور عزم کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ بین الاقوامی برادری پاکستان کو اس کاوش میں بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔

13

یہ فنڈ بچیوں کی تعلیم کی بہتری کی سرگرمیوں کے لیے ریونیو اکائونٹ اور فنڈز کے دیگر امور کار و طریقہ جات کا حامل ہو گا۔ ایم او یو کے تحت یونیسکو کا بنیادی مقصد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عالمی اقدام برائے تعلیم اور یونیسکو کی عالمی شراکت داری برائے بچیوں کی تعلیم کے مقاصد اور ترجیحات کی روشنی میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔ یہ ایم او یو فریقین کی طرف سے دستخط سے نافذ العمل ہو جائے گا اور 31 مئی 2013 تک موثر رہے گا جب تک کہ اسے باہمی اتفاق سے توسیع نہیں دی جاتی۔

یہ پروگرام ہر سطح پر بچیوں کی تعلیم تک رسائی، بنیادی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور اسکول کے حوالے سے صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کے مقاصد حاصل کرے گا۔ ایم او یو کے تحت یونیسکو تعلیم کی وزارتوں اور کلیدی پارٹنرز کے اشتراک کار سے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے گا کہ اس کے پروگرام قومی ترجیحات سے ہم آہنگ ہوں۔ یہ فنڈ بچیوں اور خواتین بالخصوص ان کی مائوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے خواندگی اور غیر رسمی پالیسیوں اور پروگراموں کو بھی فروغ دے گا۔ ایم او یو کے تحت یونیسکو ''تعلیم سب کے لیے'' اور ''ہزاریہ ترقیاتی اہداف'' کے حصول کے لئے بین الاقوامی عزم کو یقینی بنائے گا۔ بی بی سی نے بتایا کہ اس قبل فرانس کی پارلیمان کے150ارکان نے اس یاداشت پردستخط کیے جس میں ملالہ کو2013کے نوبل امن انعام کیلیے نامزد کرنے کا مطالبہ کیاگیا۔

قومی اسمبلی نے سوات میں دہشتگردوں کے ہاتھوں شدید زخمی ہونیوالی ملالہ یوسفزئی کو''دخترپاکستان ''کا خطاب دینے کی قرارداد متفقہ طورپر منظور کرلی۔ پیر کی شب پیپلزپارٹی کی روبینہ قائم خانی نے قرارداد ایوان میں پیش کی جس میں کہاگیا کہ ''ملالہ یوسفزئی کی تعلیم کے فروغ کیلیے عظیم قربانی پر یہ ایوان قراریتا ہے کہ ملالہ یوسفزئی کو''دخترپاکستان'' کاخطاب دیاجائے''، ایوان نے اس قرارداد کی متفقہ طورپر منظوری دیدی۔ روبینہ قائمخانی کا کہنا تھا کہ ملالہ یوسفزئی نے خواتین کی تعلیم کیلئے عظیم خدمات سرانجام دی ہیں جس کااعتراف اقوام متحدہ نے بھی کیا ہے اور اس حوالے سے فرانس میں بھی خصوصی کانفرنس منعقد کی گئی ہے۔اے پی پی کے مطابق پیرس میں پیر کو یونیسکو کے ہیڈ کوارٹر میں ڈائریکٹر جنرل یونیسکو ایریا بوکووا کے ساتھ ملاقات میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے لڑکیوں کی تعلیم کو یقینی بنانے اور سب کیلیے تعلیم کے مساوی حقوق، روزگار کیلئے مساوی مواقع اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کے لیے ہرممکن اقدامات کیے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں