تحریک انصاف کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان

ہم وزیراعظم کے استعفیٰ یا احتساب تک احتجاجاً پارلیمنٹ میں شرکت نہیں کریں گے، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک October 04, 2016
ہم وزیراعظم کے استعفیٰ یا احتساب تک احتجاجاً پارلیمنٹ میں شرکت نہیں کریں گے، چیرمین تحریک انصاف، فوٹو؛ ایکسپریس

چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے مسئلہ کشمیر اور بھارتی جارحیت کے حوالے سے بلائے گئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔



بنی گالہ میں چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں وائس چیرمین شاہ محمود قریشی، جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین سمیت اہم رہنماؤں نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں کل ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق بات چیت کی گئی۔



اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا مقصد صرف یہ ہے کہ ہم مسئلہ کشمیر اور بھارتی جارحیت پر اکٹھے ہیں، ہم نے تمام تر تحفظات کے باوجود آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرکے پارٹی کا مؤقف رکھا اور اس معاملے پر قرارداد بھی منظور کرکے اپنا پیغام دے دیا لہٰذا جوائنٹ سیشن میں مزید کیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کل کے اجلاس میں شرکت کرکے ہم نوازشریف کی توثیق نہیں کرنا چاہتے جو پاناما لیکس کے معاملے کے بعد وزیراعظم بننے کا اخلاقی جواز کھوچکے ہیں۔



عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف وزیراعظم رہنے کے حق دار نہیں کیوں کہ وہ پارلیمنٹ میں اپنے احتساب کا جھوٹ بولنے کے بعد تمام اداروں کو احتساب سے روکتے رہے اور اپوزیشن کے ٹی او آرز بھی مسلسل مسترد کرتے رہے جب کہ حکومتی ٹی او آرز پر تو چیف جسٹس آف پاکستان نے بھی سوالات اٹھا دیئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر ایاز صادق کا رویہ بھی سب کے سامنے ہے، جنہوں نے وزیراعظم کے معاملے پر جانبداری کا مظاہرہ کیا جب کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تمام اداروں کو طلب کرکے احتساب کا پوچھتی تو انہیں جواب ملتا ہے کہ ہمارے پاس قانون ہی نہیں ہے تو پھر ایسے پارلیمنٹ کا کیا کیا جائے۔



چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اے پی سی میں اپوزیشن کی تمام پارٹیوں نے وزیراعظم کے سامنے اپنے تحفظات رکھتے ہوئے کہا کہ آپ کے چند فیصلوں کی وجہ سے ملک تقسیم ہورہا ہے جن میں پاناما لیکس پر کوئی کارروائی نہ کرنا، سی پیک میں چھوٹے صوبوں کے تحفظات کو دور نہ کرنا اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا نہ ہونا شامل ہے جب کہ اڑی حملے کے وقت بھی نوازشریف کی جانب سے کوئی بیان نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اپنی کرپشن اور پاناما سے بچنے کے لیے کشمیر ایشو کو استعمال کررہے ہیں اور اداروں کا استعمال کرتے ہوئے ملک، جمہوریت اور پارلیمنٹ کو کمزور کررہے ہیں لہٰذا ہم احتجاجاً پارلیمنٹ میں تب تک نہیں جائیں گے جب تک نوازشریف مستعفی ہوکر کسی اور کو عہدہ نہ دے دیں یا فوری طور پر اپوزیشن کے ٹی او آرز کے مطابق خود کو احتساب کے لیے پیش کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں