پاکستان پناہ گزینوں کو پناہ دینے والا تیسرا بڑا ملک ہے ایمنسٹی انٹرنیشنل

اردن 27 لاکھ اور ترکی 25 لاکھ پناہ گزینوں کو پناہ دے کر دوسرے نمبر پر ہے، رپورٹ


ویب ڈیسک October 04, 2016
اردن 27 لاکھ اور ترکی 25 لاکھ پناہ گزینوں کو پناہ دے کر دوسرے نمبر پر ہے، رپورٹ۔ فوٹو: فائل

انسانی حقوق کے ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق پاکستان پناہ گزینوں کو پناہ دینے والا تیسرا بڑا ملک ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے امیر ترین ممالک مہاجرین کو پناہ دینے کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں جب کہ پاکستان میں اس وقت 16 لاکھ پناہ گزین رہ رہے ہیں اور دنیا میں سب سے زیادہ پناہ گزین اردن میں ہیں جن کی تعداد 27 لاکھ ہے جب کہ ترکی 25 لاکھ پناہ گزینوں کی کفالت کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ رپورٹ کے مطابق 56 فیصد پناہ گزین اس وقت دنیا کے 10 ممالک میں رہ رہے ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکریٹری جنرل سلیل شیٹی کا کہنا تھا کہ پناہ گزینوں کو اپنے ممالک میں جگہ دینے کے حوالے سے چند ممالک پر زیادہ بوجھ ڈال دیا گیا ہے اور امیر ممالک صرف امداد بھیج کر اپنی ذمہ داریوں سے جان چھڑا دیتے ہیں جب کہ برطانیہ نے 2011 میں صرف 8 ہزار شامی پناہ گزینوں کو پناہ دی جب کے اس کے برعکس اردن میں اس وقت تک 6 لاکھ سے زائد شامی پناہ گزین موجود ہیں۔ انہوں نے امیر ترین عرب ریاستوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امیرعرب ریاستیں بھی پناہ گزینوں کے معاملے میں تعاون نہیں کررہیں، وقت آگیا ہے کہ عالمی رہنما اس سلسلے میں سنجیدہ اور تعمیری بحث کریں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 3 دہائیوں سے زائد عرصے سے افغان پناہ گزین آباد ہیں جن کی تعداد چند سال قبل تک 30 لاکھ کے قریب تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔