کراچی کے علاقے دہلی کالونی سے میاں بیوی اور بچی کی لاشیں برآمد

گھر کے سربراہ نے دیمک کی دوا ڈالی جس سے تینوں کا دم گھٹ گیا، پولیس


ویب ڈیسک October 05, 2016
گھر کے سربراہ نے دیمک کی دوا ڈالی جس سے تینوں کا دم گھٹ گیا، پولیس، فوٹو؛ فائل

دہلی كالونی میں فلیٹ سے میاں بیوی اور شیر خوار بچی کی لاشیں ملیں جو پر اسرار طور پر جاں بحق ہوئے۔

نمائندہ ایکسپریس کے مطابق کراچی كےعلاقے دہلی كالونی میں چھوٹی مسجد گلی نمبر5 میں واقعے شمشاد منزل كے فلیٹ نمبر10 میں 3 افراد كی لاشوں كی موجودگی كی اطلاع پر پولیس اور رینجرز كی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔ ڈی ایس پی فریئر راجہ طارق كے مطابق ہلاك ہونے والوں كی شناخت 38 سالہ نعمان متین ولد مسكین اس كی اہلیہ، 32 سالہ عائشہ فاطمہ اور 2 سالہ فاطمہ كے نام سے ہوئی جن کی لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایس ایس پی ساؤتھ ثاقب اسماعیل میمن نے بتایا كہ پیر كی شب نعمان متین نے گھر كے فرنیچر میں دیمك كی دوا ڈالی اور خود اپنی بیوی اور بچی كے ہمراہ بیڈ روم میں آگئے اور كمرے كا دروازہ اندر سے بند كر كے سو گئے۔ انہوں نے بتایا كہ بیڈ روم ائیر ٹائٹ تھا جس كے باعث رات كے كسی پہر زہریلی دوا كے باعث میاں بیوی اور بچی كا دم گھٹنے سے انتقال ہوگیا، منگل كی دوپہر كو ان كا كوئی رشتے دار ملنے آیا اور دروازے پر دستك دی اور دروازہ نہ كھولنے پر اس نے ان كے موبائل فون پر بھی متعدد بار فون كیا، اٹینڈ نہ كرنے پر علاقہ مكینوں كو اكٹھا كرلیا۔ ایس ایس پی كا كہنا ہے كہ ابتدائی تحقیقات سے تو ایسا لگتا ہے كہ نعمان متین كی موت اتفاقیہ حادثہ ہے تاہم پولیس تحقیقات كر رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔