گوگل نے آئی فون کے مقابلے میں اسمارٹ فون فروخت کے لیے پیش کردیا

دو ماڈلوں اور تین رنگوں میں دستیاب اینڈروئیڈ فون میں کلاؤڈ اسٹوریج اور کیمرے کو غیرمعمولی قرار دیا گیا ہے۔


ویب ڈیسک October 05, 2016
دو ماڈلوں اور تین رنگوں میں دستیاب اینڈروئیڈ فون میں کلاؤڈ اسٹوریج اور کیمرے کو غیرمعمولی قرار دیا گیا ہے۔ گوگل پکسل۔ فوٹو: فائل

لاہور: انٹرنیٹ سرچ انجن کی ایک بڑی کمپنی گوگل نے باضابطہ طور پر آئی فون کے مقابلے میں اپنا پہلا اینڈروئیڈ اسمارٹ فون متعارف کرادیا ہے جسے "پکسل" کا نام دیا گیا ہے۔

پکسل اور پکسل ایکس ایل کے نام سے دو ماڈل ریلیز کیے گئے ہیں جن میں سائز اور اسکرین ریزولوشن کا فرق ہے۔ پکسل میں 5 انچ کا اسکرین اور ڈسپلے 1080 ہے جبکہ پکسل ایکس ایل کی اسکرین کا سائز 5.5 انچ ہے۔ یہ دونوں فون ایچ ٹی سی موبائل کمپنی نے تیار کئے ہیں لیکن گوگل کے مطابق ان کی ڈیزائننگ اور اختراع کا سارا کام اس نے کیا ہے۔



پکسل فون کے دونوں ماڈلز اسنیپ ڈریگن 821 پروسیسر پر چلتے ہیں اور گوگل کے ہی ڈے ڈریم ورچول ریئلٹی پلیٹ فارم کو سپورٹ کرتے ہیں جس کا اعلان گوگل پہلے ہی کرچکا ہے۔ پکسل دنیا کا پہلا فون ہے جس میں گوگل اسسٹنٹ موجود ہے جو آواز سے چلتا ہے اور اس کے تحت کام کرتا ہے۔

جدید کیمرہ

اگرچہ 360 کے خاص فیچرز کی افواہیں ہیں لیکن پکسل اور پکسل ایکس ایل کا پچھلا کیمرہ 12.3 میگا پکسل کا ہے جس میں ایک پکسل 1.55 مائیکرون کا ہے اور گوگل کے مطابق یہ دنیا کا واحد کیمرہ ہے جسکا کیپچر ٹائم دنیا میں سب سے کم ہے۔ اس میں ہموار ویڈیو بنانے کے لیے جائرواسکوپ موجود ہے جو کیمرہ ہلنے کے لحاظ سے فریم کو سکون میں رکھتا ہے۔



دوسرا اہم فیچر کلاؤڈ اسٹوریج ہے جس میں ویڈیو اور تصاویر کے لیے لامحدود اسٹوریج کی سہولت دی گئی ہے۔ دوسری جانب اینڈروئڈ کی تازہ ترین معلومات از خود آپ کو موصول ہوتی رہیں گی۔ صرف 15 منٹ جارچنگ سے یہ فون 7 گھنٹے تک چل سکتا ہے اور پکسل سافٹ ویئر کے ذریعے 24 گھنٹے فون سپورٹ فراہم کی جارہی ہے۔ پکسل اور پکسل ایکس ایل کی بیٹری بالترتیب 3,450 اور 2,770 ایم اے ایچ ہے۔ اس کے علاوہ فور جی بی ریم، 4.2 بلیوٹوتھ اور 32 اور 128 جی بی کی اسٹوریج موجود ہے۔

ورچول ریئلٹی کے تجربات کے لئے ڈے ڈریم وی آر ہیڈ سیٹ کی قیمت 80 ڈالر ہے جو گوگل پکسل کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ مختلف کنفگریشنز میں پکسل اور پکسل ایک ایل کی قیمت 75 ہزار سے لے کر 87 ہزار پاکستانی روپے تک ہے اور یہ تین رنگوں میں دستیاب ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں