حفیظ کو ڈوبتا کیریئر بچانے کا ایک اور موقع مل گیا

ویسٹ انڈیز سے ڈے نائٹ پریکٹس میچ کیلیے پی سی بی پیٹرنز اسکواڈ میں شامل

دورئہ انگلینڈ میں ناکامی کی تصویر بنے رہنے والے سینئر کھلاڑی ون ڈے سیریز میں ان فٹ ہوکر وطن واپس آگئے تھے۔ فوٹو: فائل

حفیظ کو ڈوبتاکیریئر بچانے کا ایک اور موقع مل گیا، اوپنر کو ویسٹ انڈیز سے ڈے نائٹ پریکٹس میچ کیلیے پی سی بی پیٹرنز اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا، فارم اور فٹنس ثابت کرنے پر ٹیسٹ سیریز کیلیے زیر غورآئیں گے، 3روزہ مقابلے میں احمد شہزاد اور محمد نواز کی کارکردگی پر خاص نظر رکھی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کے دورئہ یواے ای میں نائٹ ٹیسٹ سے نئی تاریخ رقم ہوگی، یہ میچ 13 سے 17 اکتوبر تک دبئی اسٹیڈیم کی مصنوعی روشنیوں میں کھیلا جائے گا، گلابی گیند سے کھیلنے کا تجربہ نہ رکھنے والے کیریبیئنز کے مطالبے پر 3روزہ پریکٹس میچ شیڈول کیا گیا جو 7 سے 9اکتوبر تک شارجہ میں ہوگا۔

ڈے اینڈ نائٹ مقابلے کیلیے فواد عالم کی قیادت میں 13رکنی پی سی بی پیٹرنز اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا، اس میں ورلڈ ٹوئنٹی20 کے بعد ڈسپلن وجوہات پر اسکواڈ سے باہر احمد شہزاد بھی شامل ہیں،ان کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا جائیگا، دیگر منتخب کرکٹرز میں شان مسعود، افتخار احمد، آصف ذاکر، اکبرالرحمان، عمران خان،جیند خان، محمد نواز، لیگ اسپنرز شاہ زیب احمد اور محمد عرفان موجود ہیں، اسکواڈ کی دبئی روانگی بدھ کی صبح شیڈول ہے۔


مینجمنٹ کے مطالبے پر وارم اپ میچ کیلیے اسکواڈ میں محمد حفیظ کو بھی شامل کرلیا گیا، دورئہ انگلینڈ میں ناکامی کی تصویر بنے رہنے والے سینئر کھلاڑی ون ڈے سیریز میں ان فٹ ہوکر وطن واپس آگئے تھے، ان کو انجری کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کیخلاف محدود اوورز کے میچز میں بھی زیر غور نہیں لایا گیا۔

حال ہی میں فٹنس مسائل سے نجات کے بعد حفیظ نے سوئی ناردرن گیس کی نمائندگی کرتے ہوئے 2ففٹیز بنائی تھیں،میچ فٹنس ثابت ہونے پر انھیں کیریبیئنز کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلیے زیر غور لایا جائے گا، افتخار احمد کی جگہ بابر اعظم کی شمولیت کا امکان جبکہ ذوالفقار بابر کو ڈراپ کرکے محمد نواز کو موقع دیا جا سکتا ہے۔

 
Load Next Story