ہمایوں سعید نے بھارتی فلموں پر پابندی کی مخالفت کردی

لالی ووڈ ابھی اس قابل نہیں کہ تنہا سینما چلا سکے اس لیے اس وقت بھارتی فلموں کی ضرورت ہے، ہمایوں سعید


ویب ڈیسک October 05, 2016
لالی ووڈ ابھی اس قابل نہیں کہ تنہا سینما چلا سکے اس لیے اس وقت بھارتی فلموں کی ضرورت ہے، ہمایوں سعید، فوٹو؛ فائل

SUKKUR: پاکستان کے صف اول کے اداکار و ہدایتکار ہمایوں سعید نے ملک میں بھارتی فلموں پر پابندی کی مخالفت کردی ہے۔

پاک بھارت کشیدگی کے بعد بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور ٹی وی چینلز پر پاکستانی ڈرامے بھی نشر نہیں کیے جارہے ہیں جب کہ پاکستان میں بھی بھارتی فلموں پر پابندی لگانے کی بحث زور وشور سے جاری ہے اور کئی اداکار و ہدایتکار بھارتی فلموں پر پابندی کا مطالبہ کرچکے ہیں لیکن اب معروف ہدایتکار و اداکار ہمایوں سعید نے بھارتی فلموں پر پابندی کی مخالفت کردی ہے۔

بی بی سی اردو سروس کے مطابق اداکار ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ سینما کو ہر ہفتے ایک فلم چاہیے ہوتی ہے اور پاکستانی فلم نگری میں سال میں چند ہی فلمیں بنتی ہیں جس کی وجہ سے لالی ووڈ ابھی اس قابل نہیں کہ تنہا سینما چلاسکے لہٰذا اس وقت پاکستانی سینما کو بھارتی فلموں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ فلموں کی نمائش کی اجازت کے بعد ہی پاکستان میں سینما بننے شروع ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں پاکستان میں بھی فلمیں بننا شروع ہوئیں۔

ہمایوں سعید نے کہا کہ بھارتی فلموں پرپابندی کے حوالے سے ہمیں تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے نقش قدم پر نہیں چلنا چاہیے کیوں کہ ہم پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے عمل کو برا سمجھتے ہیں لہٰذا ہمیں بھی اس عمل سے گریز کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بالی ووڈ فلموں پر پابندی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرائی گئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں