قومی ٹیم کے نوجوان بلے باز بابر اعظم نے سنچریوں کی ہیٹ ٹرک کرلی

بابر اعظم 3 میچوں کی سیریز میں سنچریوں کی ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے دوسرے اور پاکستان کے تیسرے کھلاڑی بن گئے۔

بابر اعظم 3 میچوں کی سیریز میں سنچریوں کی ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے دوسرے اور پاکستان کے تیسرے کھلاڑی بن گئے۔ فوٹو؛ فائل

قومی ٹیم کے نوجوان مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں مسلسل 3 میچوں میں سنچریوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔

دبئی میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بابر اعظم نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ نوجوان بلے باز کی شاندار سنچریوں کی بدولت ویسٹ انڈیز کو 2 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں 120 رنز بنا کر مین آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے نام کیا جب کہ دوسرے میچ میں بھی 123 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر مرد میدان قرار پائے تھے۔

ابو ظہبی میں ہونے والے تیسرے میچ میں بھی بابر اعظم نے سنچری اسکور کرتے ہوئے 117 رنز کی اننگز کھیلی اور 3 میچوں کی سیریز کے تمام میچز میں سنچری اسکور کرکے دنیا کے دوسرے بیٹسمین بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس سے قبل جنوبی افریقا کے وکٹ کیپر بیٹسمین ڈی کوک نے بھارت کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔


دوسری جانب بابر اعظم نے مسلسل 3 میچوں میں سنچری اسکور کرکے پاکستان کی جانب سے تیسرے بیٹسمین بننے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا ہے۔ اس سے قبل پاکستان کے لیجںڈری بیٹسمین ظہیر عباس اور اوپننگ بلے باز سعید انور مسلسل 3 میچوں میں سنچریاں بنا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ 21 سالہ بابر اعظم نے گزشتہ سال زمبابوے کے خلاف ون ڈے کیریئر کا آغاز کیا اور وہ اب تک 18 ایک روزہ میچوں میں 48 سے زائد کی اوسط سے 886 رنز بناچکے ہیں جس میں 3 سنچریاں اور 2 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

Load Next Story