نائن زیرو کے قریب سے پکڑا گیا اسلحہ پاک فوج کے سپرد کر دیا گیا

اسلحے والے ٹینک کی گہرائی مکان سے زیادہ ہے اور ٹینک میں مزید اسلحہ ذخیرہ کرنے کی گنجائش بھی موجود تھی، ڈی آئی جی ویسٹ


ویب ڈیسک October 06, 2016
اسلحہ کس طرح سے لا کر چھپایا گیا اور کتنے عرصے سے ٹینک میں چھپایا گیا تھا اسکی تحقیقات کر رہے ہیں، ذوالفقار لاڑک۔ فوٹو: فائل

KARACHI: گزشتہ روز عزیز آباد کے مکان سے پکڑے جانے والے اسلحے کا مقدمہ درج کر کے مہلک ہتھیاروں اور دھماکا خیز مواد کو پاک فوج کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ویسٹ ذوالفقار لاڑک نے عزیز آباد میں اس مکان کا دورہ کیا جہاں سے گزشتہ روز بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا تھا۔ ڈی آئی جی ویسٹ کا کہنا تھا کہ مکان 2 سال سے کسی کے استعمال میں نہیں تھا لیکن اسلحہ ذخیرہ کرنے کے لئے اس میں خصوصی طور پر ٹینک بنایا گیا تھا جس میں ہوا کا انتظام بھی موجود تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلحے والے ٹینک کی گہرائی مکان سے زیادہ ہے اور ٹینک میں مزید اسلحہ ذخیرہ کرنے کی گنجائش بھی موجود تھی۔

ذوالفقار لاڑک کا کہنا تھا کہ انٹینلی جنس رپورٹ پر اس مکان پر چھاپہ مارا گیا، پولیس معاملے کی ہر طرح سے تحقیقات کر رہی ہے کہ اسلحہ کس طرح سے اس مکان میں لا کر چھپایا گیا اور کتنے عرصے سے ٹینک میں چھپایا گیا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں ڈی آئی جی ویسٹ کا کہنا تھا کہ اس گھر میں بھی اسی طرح اسلحہ لایا گیا جس طرح سے دوسری جگہوں پر لا کر چھپایا جاتا ہے تاہم معاملے کی ہر طرح سے تحقیقات کر رہے ہیں اور تفتیش کر کے ملزمان کو سامنے لائیں گے تاہم جے آئی ٹی بنانا وزارت داخلہ کا کام ہے۔

قبل ازیں عزیز آباد کے مکان سے ملنے والے اسلحے کو ڈی آنی جی ویسٹ کے دفتر سے 2 ٹرکوں کے ذریعے پولیس کی سخت نگرانی میں نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی 6 موبائلیں بھی ٹرکوں کے ساتھ تھیں جن میں حساس اور مہلک قسم کے ہتھیار رکھے گئے تھے۔ آج عزیز آباد میں واقع ایک پارک کے کمرے سے پولیس کی وردیاں بھی برآمد ہوئیں جب کہ جس مکان سے اسلحہ برآمد ہوا پولیس نے اسے تالے لگا کر سیل کردیا ہے اور مکان کے ٹینک سے برآمد ہونے والے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: کراچی میں مکان سے اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑی گئی

گزشتہ روز کراچی پولیس چیف مشتاق مہر نے میڈیا کو بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ برآمد شدہ اسلحے کا فرانزک ٹیسٹ کروایا جائے گا جب کہ ذرائع پولیس نے مہلک ہتھیاروں کو محفوظ کرنے اور دهماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے کے لئے پاک فوج کے سپرد کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ فوج اسلحہ کے گیج اور اس کی شناخت میں بهی مدد فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز رینجرز نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر کراچی کے علاقے عزیز آباد میں واقع مکان پر چھاپہ مار کر پانی کے ٹینک میں چھپائی گئی اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑ لی تھی۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اسلحے کی اتنی بڑی کھیپ شہر میں اس سے قبل پہلے کبھی نہیں پکڑی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں