ایکسپریس نیوز کی وین پر حملے میں ملوث دہشت گرد وقاص گرفتار

 دہشت گردوں نے 17 جنوری 2014 کو ایکسپریس کے 2 ملازمین اوروین ڈرائیور کو قتل کر دیا تھا


Staff Reporter October 07, 2016
میوہ شاہ قبرستان سے مقابلے میں زخمی 4 گینگ کارندے اور لانڈھی سے مقابلے میں زخمی 3 ملزم گرفتار، اسلحہ برآمد۔ فوٹو۔ فائل

KARACHI: پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے8 زخمیوں سمیت 14 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کرلی، گرفتار ملزمان میں کالعدم لشکر جھنگوی کا ایک دہشت گرد بھی شامل ہے جو ایکسپریس نیوز کی وین پر حملے میں ملوث بتایا جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک کالونی پولیس نے میوہ شاہ قبرستان میں مقابلے کے بعد 4 گینگ کارندوں فضل، نوید، زین العابدین اور یوسف کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے 4 ٹی ٹی پستول کرلیے زخمی ملزمان طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیے گئے، لانڈھی پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی 3 ملزمان زہیر، آصف اور شعیب کو گرفتار کر کے 2 سب مشین گنیں اور ایک نائن ایم ایم پستول برآمد کرلی گرفتار ملزمان کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لایا گیا۔

پی آئی بی پولیس نے بس اسٹاپ کے قریب سے مقابلے میں ملزم نادر کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ٹی ٹی پستول، ۲ چھینے گئے موبائل فون اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی، رضویہ پولیس نے ناظم آباد نمبر ایک سے ملزم وقاص کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا، پولیس کا دعویٰ ہے کہ وقاص کالعدم لشکر جھنگوی قاری محسن گروپ کا دہشت گرد ہے ملزم ایکسپریس نیوز کی وین پر حملے، پولیس اہلکاروں کے قتل اور فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے سنگین مقدمات میں ملوث ہے۔

واضح رہے17جنوری2014 کو ناظم آباد میٹرک بورڈ آفس کے قریب موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ایکسپریس نیوز کی سیٹلائٹ وین میں سوار 2 ملازمین اور وین ڈرائیور کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے مذکورہ واقعے میں ملوث نصف درجن سے زائد ملزمان کو گرفتار کر چکے ہیں، گلبہار پولیس نے ایک ملزم عادل کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول اور کلاکوٹ تھانے کی حدود سے 10 اپریل کو چھینی گئی موٹر سائیکل نمبر KGI-0019 برآمد کرلی ۔

ملزم کے خلاف لیاری اور آرام باغ تھانوں میں جرائم کے دیگر مقدمات بھی درج ہیں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی پولیس پارٹی نے ڈاکس تھانے کی حدود مچھر کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم سعید الرحمٰن کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک پستول برآمد کر لی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہے ملزم کے خلاف سعود آباد اور ڈیفنس تھانے میں غیر قانونی اسلحہ کے تحت مقدمات درج ہیں سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم سہیل کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول، 2 موبائل فون، نقدی اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کر لی۔

گرفتار ملزم اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے، ماڑی پور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے2 ملزمان شاہ جہاں بلوچ اور مصطفیٰ کمال کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ کے الیکٹرک کے ہائی ٹینش وائر برآمد کرلیے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں