مچھ میں جعفر ایکسپریس اور ریلوے ٹریک پر دھماکوں سے 7 افراد جاں بحق

دھماکے کے باعث ریلوے ٹریک مکمل تباہ جب کہ جعفر ایکسپریس کے انجن اور ایک بوگی کو شدید نقصان پہنچاہے، پولیس


ویب ڈیسک October 07, 2016
ٹریک کو نقصان پہنچنے کے باعث دیگر ٹرینوں کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے ۔ فوٹو: رائٹرز

بلوچستان کے شہر مچھ میں ریلوے ٹریک اور جعفر ایکسپریس کی بوگی میں دھماکوں کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جب کہ 20 زخمی ہوگئے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان کے علاقے مچھ میں آب گم کے قریب ریلوے ٹریک اور بوگی میں 2 دھماکوں کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں بیشتر افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔



پولیس کے مطابق دھماکہ جعفر ایکسپریس کی بوگی اور ریلوے ٹریک پر ہوئے جن کے باعث ریلوے ٹریک مکمل تباہ ہوگیا جب کہ ٹرین کے انجن اور بوگی نمبر 3 کو شدید نقصان پہنچا ہے۔دوسری جانب اسٹیشن ماسٹرکا کہنا ہے کہ ایک بم ریلوے ٹریک پر نصب تھا جب کہ دوسرا بوگی کے اندر تھا۔



دھماکے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دھماکے کی جگہ سے شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیے ہیں جب کہ ٹریک کو نقصان پہنچنے کے باعث دیگر ٹرینوں کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے۔



وزیراعظم نواز شریف نے جعفر ایکسپریس دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے اور دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئے متعلقہ حکام ہدایات کی ہے کہ دھماکے کے ذمہ داروں کو پکڑا جائے اور زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی جعفر ایکسپریس میں بم دھماکوں کی شدید مذمّت کرتے ہوئےدھماکوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کا قتل بدترین دہشت گردی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں