بیرسٹر فہد ملک قتل کیس ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 روز کی توسیع

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے کیس کی سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کردی۔


ویب ڈیسک October 07, 2016
اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے کیس کی سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ فوٹو؛ فائل

انسداد دہشت گردی كی خصوصی عدالت نے سابق چیئرمین سینیٹ محمد میاں سومرو كے بھانجے بیرسٹر فہد ملك قتل كیس كے ملزمان كے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 روز كی توسیع كر دی۔

بیرسٹر فہد ملك قتل كیس كی سماعت انسداد دہشت گردی كی عدالت كے جج سید كوثر عباس زیدی نے كی۔ 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ كے بعد ملزمان كو سخت سیكورٹی میں عدالت میں پیش كیا گیا۔ مدعی كے وكیل نے دلائل دیتے ہوئے عدالت كو بتایا كہ مقدمے كا تیسرا ملزم ہاشم خان بھی گرفتار ہو چكا ہے اور ہائیكورٹ نے پولیس قوانین كے تحت تفتیش كا حكم بھی دیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: فہد ملک قتل کیس کا مرکزی ملزم راجہ ارشد گرفتار

ملزمان كے وكیل نے دلائل دیتے ہوئے كہا كہ ہمارے ساتھ سخت ناانصافی ہوئی ہے جس پر كوثر عباس زیدی نے اپنے ریماركس میں كہا كیونكہ ملزم راجہ ارشد نے ہائیكورٹ میں درخواست دائر كی ہے اورعدالت ہائیكورٹ كے حكم پر عمل درآمد كی پابند ہے۔ عدالت نے مقدمے كی مزید سماعت 20 اكتوبرتك ملتوی كرتے ہوئے ملزمان كے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 روز كی توسیع كر دی۔

واضح رہے كہ بیرسٹر فہد قتل كیس كے تیسرے ملزم ہاشم خان كو چند روز قبل اڈیالہ جیل میں شناخت پریڈ كے دوران لواحقین نے شناخت كر لیا تھا جس كے بعد ملزم ہاشم خان كو بھی كیس كے نامزد ملزمان میں شامل كرلیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں ملزم راجہ ارشد اور ملزم نعمان كھوكھر كو نامزد كیا گیا تھا جب كہ 5 نامعلوم افراد بھی قتل میں ملوث تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔