ای ڈی ایف نے ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے 185 کروڑ کی منظوری دیدی

10 کروڑکراچی گارمنٹس انسٹیٹیوٹ، ساڑھے 7 کروڑ روپے سیالکوٹ میں تربیتی ادارے کی زمین خریدنے کیلیے منظور


APP October 08, 2016
1کروڑ لاہور ٹریننگ سینٹر کیلیے مختص، کپاس کی پیداوار 1.12 کروڑ بیلزرہے گی، حکام۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

 

حکومت نے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ (ای ڈی ایف) کے تحت ٹیکسٹائل شعبے کی ترقی اور بہتری کے لیے 18کروڑ 50لاکھ روپے کی منظوری دی ہے۔

جمعہ کو ای ڈی ایف کا اجلاس سیکریٹری وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری کے زیر صدارت ہوا جس میں ٹیکسٹائل شعبے کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے مختلف منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

اس حوالے سے وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری کے اعلیٰ حکام نے بتایا کہ 10کروڑ روپے کراچی گارمنٹس انسٹی ٹیوٹ، ساڑھے 7 کروڑ روپے سیالکوٹ میں ٹیکسٹائل شعبے کے لیے تربیتی انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے زمین کی خریداری جبکہ 1 کروڑ روپے لاہور گارمنٹس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے لیے منظور کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سیزن کے دوران کپاس کی پیداوار 1کروڑ 12 لاکھ بیلز تک حاصل ہونے کے امکانات روشن ہیں جبکہ گزشتہ سیزن کے دوران کپاس کی پیداوار 1کرور بیلز رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، کپاس سیڈ کی فی من قیمت 3200 روپے سے کم کر کے 3ہزار روپے کی گئی ہے جبکہ کپاس کے 8 ہزار کاشت کاروں کو تربیت بھی فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی حالات کے مطابق رواں سیزن کے دوران کپاس کے کاشت کاروں کو اپنی فصل کی بہتر قیمت ملنے کی توقع ہے۔

حکام کے مطابق حکومت نے رواں سیزن کے دوران کپاس کی پیداوار کا ہدف 1کروڑ 41 لاکھ گانٹھ مقرر کیا تھا لیکن بعض کاشت کاروں کی جانب سے کپاس کے بجائے گنا لگانے کی وجہ سے کپاس کے ہدف پر نظرثانی کی گئی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔