مزید 83 افراد ڈنگی وائرس کا شکار ہوگئے کیسز کی تعداد 1465 ہوگئی

شہرمیں تاحال اسپرے مہم شروع نہیں کی گئی، دسمبر میں ڈنگی وائرس مزید شدت اختیار کرجائے گا،ذرائع


Staff Reporter October 08, 2016
شہرکے بیشتر سرکاری اسپتال ڈنگی پروگرام کو اعدادوشمار فراہم نہیں کرتے۔ فوٹو: فائل

شہرمیں مزید 83 افراد ڈنگی وائرس کا شکار ہوگئے، تفصیلات کے مطابق شہرمیں ڈنگی کے مریضوںمیںتیزی سے اضافہ ہورہاہے اور مزید 83 افراد میں ڈنگی وائرس کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ دسمبر میں ڈنگی وائرس مزید شدت اختیارکرجائے گا۔

محکمہ صحت کے ماتحت چلنے والے ڈنگی کنٹرول پروگرام کے سربراہ کاکہناہے کہ شہرکے مختلف اسپتالوں کی اوپی ڈیز میں45ایسے مریضوں کو لایا گیا جو ڈنگی وائرس سے متاثرتھے جبکہ مختلف اسپتالوں میں داخل 38 مریضوں میں ڈنگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ضلع ملیر میں5، ضلع وسطی میں23،ضلع جنوبی میں19،ضلع غربی میں8، ضلع شرقی میں23جبکہ ضلع کورنگی میں5ڈنگی کے کیسز رپورٹ ہوئے، رواں سال اب تک صوبے میں ڈنگی سے3 ہلاکتیں ہوئی ہیں اور1465کیسزرپورٹ ہوئے جن میں سے 1333 کیسزکراچی کے ہیں۔

ذرائع کے مطابق شہرکے بیشتر سرکاری اسپتال ڈنگی پروگرام کو اعدادوشمار فراہم نہیں کرتے جس سے درست اعداد وشمار سامنے نہیں آتے۔

ذرائع کے مطابق رواں سال شہر میں ڈنگی کے مریضوں کی تعداد 2ہزارسے تجاوزکر چکی ہے جبکہ ڈنگی سے4ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں لیکن محکمہ صحت سندھ اور کے ایم سی تاحال اسپرے مہم شروع کرنے میں ناکام ہیں، واضح رہے کہ گزشتہ سال صوبے میں ڈنگی کے 3676کیسز سامنے آئے اورڈنگی سے 11ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔