آسٹریلیا میں نائٹ ٹیسٹ پاکستان کو پنک گیند سے تیاری کا موقع ملے گا

ٹیم 8 سے 10 دسمبر تک کینز میں وارم اپ میچ برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلے گی


Sports Desk/AFP October 08, 2016
دونوں ٹیمیں تیسرے ٹیسٹ کیلیے 3 سے 7 جنوری 2017 تک سڈنی میں برسرپیکار ہوں گی۔ فوٹو: فائل

پاکستان کو آسٹریلیا کیخلاف ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ سے قبل پنک گیند سے پریکٹس کا موقع ملے گا،ٹیم کینز میں وارم اپ میچ برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلے گی، اس کا اعلان گذشتہ روز کرکٹ آسٹریلیا نے کیا۔

گرین کیپس8 سے 10 دسمبر تک کوئنز لینڈ کے شمال میں واقع شہر میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کا مقابلہ کریں گے، میچ میں گلابی گیند استعمال کی جائے گی، یوں مہمان ٹیم کو آسٹریلیا سے سیریز کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کی تیاریوں کا موقع میسر آئے گا، دونوں ممالک میں پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ 15 سے 19دسمبر تک برسبین کے گابا کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

آسٹریلیا رواں سیزن میں جنوبی افریقہ سے بھی ہوم سیریز میں ایک ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلے گا، کینز میں 2004 کے بعد پہلا انٹرنیشنل میچ منعقد ہو رہا ہے،اس سے قبل 2004 میں سری لنکا اور 2003 میں بنگلہ دیش نے یہاں طویل دورانیے کے میچز کھیلے تھے، کرکٹ آسٹریلیا کے ہیڈ آف آپریشنز سین کیری نے اس حوالے سے کہا کہ کینز ٹور میچ کی میزبانی کیلیے آئیڈیل ہے۔

اسٹیڈیم میں مصنوعی روشنیوں کا انتظام شاندار اور یہاں کی کنڈیشنز بھی بہت اچھی ہیں، انھوں نے مزید کہا کہ کینز میں پچ کی ساکھ بھی اچھی اور ہم پُراعتماد ہیں کہ دونوں ٹیموں کو ایک مسابقتی ماحول فراہم کیا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم رواں برس کے اختتام پر دورئہ آسٹریلیا میں3 ٹیسٹ ، 5 ون ڈے اور 2 ٹوئنٹی 20 میچز کھیلے گی، برسبین میں سیریز کا آغاز ہونے کے بعد طویل دورانیے کا دوسرا میچ 26 دسمبر سے میلبورن میں ہوگا، یہ روایتی طور پر باکسنگ ڈے ٹیسٹ کہلاتا ہے۔

دونوں ٹیمیں تیسرے ٹیسٹ کیلیے 3 سے 7 جنوری 2017 تک سڈنی میں برسرپیکار ہوں گی، اس کے بعد ون ڈے سیریز کی شروعات برسبین میں ہی 13جنوری سے ہوگی، 15تاریخ کو میلبورن دوسرے ایک روزہ میچ کی میزبانی کرے گا، 19 جنوری کو پرتھ میں دونوں ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، سیریز کے دو اختتامی میچز بالترتیب 22 و26تاریخ کو سڈنی اور اوول میں ہوں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں