غیر رجسٹرڈوان فٹ گاڑیوں کیخلاف کارروائی کی جائے چیف سیکریٹری

سیکریٹری ایکسائز کو ہدیت کی گئی ہے کہ وہ دو روز کے اندر سمری پیش کردیں۔

چیف سیکریٹری سندھ راجہ محمد عباس نے کہا کہ نئی بے قاعدگیوں پر قابو پانے کیلیے ترمیم کی ضرورت ہے۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
چیف سیکریٹری سندھ راجہ محمد عباس نے محکمہ داخلہ،ایکسائز اور ٹرانسپورٹ کے سیکریٹریز اور سندھ پولیس کے ٹریفک ڈپارٹمنٹ پر زور دیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ اور ان فٹ گاڑیوں اور مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرنے والی خستہ حال گاڑیوں سے متعلق بے ضابطگیاں دورکرنے کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے اور قانون کی بالادستی یقینی بنائی جائے۔

وہ منگل کو اپنے دفتر میں موٹر گاڑیوں بشمول پبلک ٹرانسپورٹ سے متعلق لاقانونیت اور بے ضابطگیوں کے موثر قانونی احاطے کے لیے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ وسیم احمد،آئی جی سندھ پولیس فیاض احمد لغاری، سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن منظور احمد مغل اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، چیف سیکریٹری نے سیکریٹری ایکسائز کو ذمے داری تفویض کی کہ وہ سیکریٹری داخلہ ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اور سندھ پولیس کے اشتراک و مشاورت سے لائحہ عمل ترتیب دیں اور چیف منسٹر کی منظوری کے لیے سمری پیش کریں۔




قبل ازیں آئی جی سندھ نے تجویز پیش کی کہ ان فٹ ، فینسی نمبر پلیٹس اور اے ایف آر ( اپلائیڈ فار رجسٹریشن) کی علامات رکھنے والی گاڑیوں کا چالان 4 عشرے پہلے سے مرتب کردہ ضوابط کی رو سے جاری ہے ، چنانچہ نئی بے قاعدگیوں پر قابو پانے کے لیے قواعد و ضوابط میں ترمیم کی جانی چاہیے، سیکریٹری ایکسائز کو ہدیت کی گئی ہے کہ وہ دو روز کے اندر سمری پیش کردیں۔
Load Next Story