پولیس فیملی کوارٹرز ناظم آباد میں صفائی کی صورتحال ابتر

نکاسی کا نظام بھی خراب،پانی کی عدم فراہمی کے باعث مکین بورنگ کرانے پر مجبور


Staff Reporter July 25, 2012
ناظم آباد پولیس فیملی کوارٹرز میںعمارت مخدوش نظر آرہی ہے جبکہ سیوریج کا پانی بھی جمع ہے (فوٹو ایکسپریس)

ناظم آباد پولیس فیملی کوارٹرز میں صفائی ستھرائی کی صورتحال انتہائی ابتر ہوگئی جبکہ پانی کی نکاسی کا نظام بھی جواب دے گیا ہے، کوارٹرز میں پانی کی عدم فراہمی کے باعث مکین بورنگ کرانے پر مجبور ہوگئے، عمارتوں کی بالکونیاں اورچھجے بھی مخدوش ہوگئے اور پلاسٹر اکھڑ گیا ہے، مکینوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ان کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں،

تفصیلات کے مطابق ناظم آباد پولیس فیملی کوارٹرز میں صفائی ستھرائی کی صورتحال انتہائی ابتر ہوگئی ہے ، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر جمع ہیں جبکہ پانی کی نکاسی کا نظام بھی جواب دے گیا ، مکینوں نے بتایا کہ صفائی ستھرائی کا موثر نظام نہ ہونے کے باعث گندگی کے ڈھیر لگ رہے ہیں جس سے متعدد افراد امراض میں مبتلا ہوگئے ، مکینوں کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کا نظام بھی جواب دے گیا ہے ، کوارٹرز میں گٹر ابل رہے ہیں ،

پانی کی صحیح طور پر نکاسی نہ ہونے کے باعث کوارٹرز کے احاطے میں گندا پانی جمع ہوجاتا ہے ، پانی کی فراہمی کے حوالے سے مکینوں نے بتایا کہ صاف پانی کی فراہمی تعطل کا شکار ہے اور کئی کئی روز تک پانی فراہم نہیں کیا جاتا جس سے انھیں شدید مشکلات کا سامنا ہے،

حالات سے تنگ آکر بیشتر افراد کنواں کھدوانے پر مجبور ہوگئے ہیں جس سے ان پر اضافی مالی بوجھ پڑگیا ، مکینوں نے بتایا کہ متعدد مرتبہ اعلیٰ حکام کی توجہ اس جانب مبذول کرائی گئی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوسکی ، رہائشی عمارتوں کی بالکونیاں اور چھجے بھی انتہائی خستہ حال ہوگئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں