قرضوں کی صلاحیت بڑھانے کے لیے آئی ایم ایف کے وسائل 340 ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ

ممبر ممالک کی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے قرضے جاری کیے جاسکیں گے، ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹن لیگارڈ


Irshad Ansari October 08, 2016
عالمی مالیاتی ادارہ اپنے وسائل ان ممبرممالک سے سالانہ کنٹری بیوشن اورقرضوں پرسودکی مد میں حاصل کرتاہے۔ فوٹو: فائل

LOS ANGELES:  

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے25 ممبران نے دوطرفہ قرضوں کے حصول کے معاہدوں کے ذریعے2020 تک آئی ایم ایف کے وسائل 340 ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق یہ اقدام آئی ایم ایف کے قرضوںکے اجرا کی صلاحیت برقراررکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ دوطرفہ قرضوں تک رسائی کو آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے منظورکردہ نئے فریم ورک کے تحت کنٹرول کیاجائے گا۔

آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹرکرسٹن لیگارڈنے آئی ایم ایف کے قرضوںکے اجرا کی صلاحیت برقرار رکھنے کے لیے ممبران میں شامل25 امیرممالک کی جانب سے دوطرفہ قرضوں کے معاہدوں کے ذریعے آئی ایم ایف کے وسائل بڑھانے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ مذکورہ ممبرممالک کی جانب سے340 ارب ڈالرفراہم کرنے کے وعدوں سے قرضوں کے اجراکی صلاحیت برقراررہے گی اور ممبر ممالک کی مالی ضروریات پوری کرنے کیلیے قرضے جاری کیے جاسکیں گے۔

حکام کے مطابق آئی ایم ایف کے ممبر ممالک کی تعداد 189ہے اورآئی ایم ایف اپنے وسائل ان ممبرممالک سے سالانہ کنٹری بیوشن اورقرضوں پر سود کی مد میں حاصل کرتا ہے، اس کے علاوہ ممبران میں سے زیادہ امیر اورصاحب وسائل رکن ملک آئی ایم ایف کو وسائل فراہم کرتے ہیں، انہی انتظامات کے تحت 25 ممبر ممالک نے دوطرفہ قرضوں کے حصول کے معاہدے کیے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔