30 اکتوبرکواسلام آباد بند نہیں ہوگا اسپیکر قومی اسمبلی

عمران خان کو سمجھانے کی ضرورت نہیں اور اپنا اچھا برا خود سوچ سکتے ہیں، سردار ایاز صادق


ویب ڈیسک October 08, 2016
احتجاج اور دھرنے والے چین سمیت دیگر ملک سے آنے والے سرمایہ کاروں کو بھگانا چاہتے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی فوٹو: فائل

اسپیکرقومی اسمبلی سردارایاز صادق نے کہا ہے کہ 30 اکتوبر کونا تو اسلام آباد بند ہوگا اور نا جلسے جلوسوں سے کچھ ہونے والا ہے۔

لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکرقومی اسمبلی سردارایاز صادق نے کہا کہ انہوں نے پارلیمنٹ میں ہمیشہ تمام اراکین کوبات کرنے کے لئے موقع دیا۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وہ بارباراراکین سے یہ کہتے رہے کہ اجلاس کشمیرکے مسئلے پربلایا ہے، اس لئے اسی پربات کی جائے لیکن وہ کسی کا منہ بند نہیں کرسکتے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ ان کے پاس جو بھی ریفرنسز آئے انہوں نے ان کو رولز کے مطابق 30 دنوں کے اندر الیکشن کمیشن کوبجھوادیا ہے اورانہوں نے مذکورہ ریفرنسزکے حوالے سے اپنا موقف بھی الیکشن کمیشن کو بتادیا ہے، اس لئے اب ریفرنس کے معاملے میں ابہام مکمل طور پر ختم ہونا چاہئے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ احتجاج اوردھرنے والوں کو پہلے بھی مایوسی ہوئی ہے اور اب بھی احتجاج اور دھرنوں سے کچھ نہیں ہوگا۔ 30 اکتوبرکو شہربھی بند نہیں ہوگا۔ احتجاج اور دھرنے والے باقاعدہ سازش کے تحت ملک میں چین سمیت دیگر ملک سے آنے والے سرمایہ کاروں کو بھگانا چاہتے ہیں مگر ایسے لوگوں کو پہلے بھی مایوسی ہوئی ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی ہوگا، ملک ترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن رہے گا اور ملک میں جمہوریت بھی چلتی رہے گی۔ عمران خان کو سمجھانے کی ضرورت نہیں، وہ سمجھداراوربالغ ہیں بچے نہیں اوروہ اپنا اچھا برا خود سوچ سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں