حصص مارکیٹ منافع کاحصول مزید15پوائنٹس گرگئے

کاروباری حجم106فیصدزائد،231کمپنیوںکے5 کروڑ68 لاکھ حصص کالین دین


Business Reporter July 25, 2012
خریداری رحجان برقرار رہنے کے سبب انڈیکس کی14500 کی حد مستحکم رہی. فوٹو: فائل

توہین عدالت ایکٹ اور این آراو کیس کی تسلسل سے سماعت، حکمرانوں اور عدلیہ کے درمیان محاذآرائی کی کیفیت سے سیاسی افق پر غیریقینی صورتحال برقرار رہنے کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو بھی کاروباری صورتحال اتارچڑھائو کے بعد مندی کی زد میں رہی تاہم بعض شعبوں کی آئل، بینکنگ اور سیمنٹ سیکٹر میں محدود پیمانے پر خریداری رحجان برقرار رہنے کے سبب انڈیکس کی14500 کی حد مستحکم رہی۔

مندی کے سبب55.41 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے4 ارب93 کروڑ10 لاکھ6 ہزار345 روپے ڈوب گئے، ٹریڈنگ کے دوران بعض مخصوص اسٹاکس میں خریداری بڑھنے کے سبب ایک موقع پر18 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی اس دوران غیر ملکیوںکی جانب سے15 لاکھ51 ہزار77 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے11 لاکھ92 ہزار 658 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے12 لاکھ9 ہزار592 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔

لیکن مارکیٹ کے مستقبل سے ناامید سرمایہ کاروں نے منافع کے حصول پر رحجان غالب کرتے ہوئے حصص کی آف لوڈنگ کو ترجیح دی جس کے نتیجے میں تیزی 43.64 پوائنٹس کی مندی میں تبدیل ہو گئی اورمندی کی اس شدت سے انڈیکس کی14500 نفسیاتی حد بھی گرگئی تھی کیونکہ ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، میوچل فنڈز، انفرادی سرمایہ کاروںاور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر39 لاکھ53 ہزار326 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا۔

لیکن اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر بعض کمپنیوں کے حصص کی محدود پیمانے پر خریداری کی وجہ سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی جسکے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس15.18 پوائنٹس کی کمی سے14512.07 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس25.86 پوائنٹس کی کمی سے 12578.30 اور کے ایم آئی30 انڈیکس80.96 پوائنٹس کی کمی سے24892.39 ہوگیا، کاروباری حجم پیر کی نسبت106.37 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر5 کروڑ 68 لاکھ53 ہزار380 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار231 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا۔

جن میں76 کے بھائو میں اضافہ 128 کے داموں میں کمی اور27 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوںمیں نمایاں اضافہ ہوا ان میں باٹا پاکستان کے بھائو 31.17 روپے بڑھ کر 694.99 روپے اور کلیرنٹ پاکستان کے بھائو2.90 روپے بڑھ کر 207.50 روپے ہوگئے جبکہ یونی لیور فوڈ کے بھائو10 روپے کم ہو کر 2890 روپے اورنیشنل فوڈز کے بھائو6.22 روپے کم ہوکر197.81 روپے ہو گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں