ہوسٹن میں پاکستان پٹرولیم ایکسپلوریشن کانفرنس 2012 کا انعقاد

مشیر پٹرولیم نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی

حکومت پاکستان نے پہلی بار ٹائٹ گیس اور لو بی ٹی یو گیس کے لیے پالیسیاں متعارف کرائی ہیں، ڈاکٹر عاصم حسین فوٹو: فائل

مشیر پٹرولیم وقدرتی وسائل ڈاکٹر عاصم حسین نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی پٹرولیم پالیسی 2012 دنیا کی بہترین پالیسی ہے جس کے تحت غیرملکی اور مقامی ای اینڈ پی کمپنیوں کو یکساں مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔

وہ پاکستان پٹرولیم ایکسپلوریشن کانفرنس 2012 سے خطاب کررہے تھے، اس کانفرنس کو ای اینڈ پی کمپنیز، سروس کمپنیوں کے تعاون سے وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل نے منعقد کیا جس کا مقصد آئل اینڈ گیس سیکٹرز میں سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کو اجاگر کرنا تھا۔ مشیر پٹرولیم نے 60 نئے بلاکس کو نیلامی کیلیے پیش کیے جانے کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے پہلی بار ٹائٹ گیس اور لو بی ٹی یو گیس کے لیے پالیسیاں متعارف کرائی ہیں جبکہ شیل گیس، فلیرڈ گیس، مارجنل اینڈ اسٹرینڈڈ آئل اینڈ گیس فیلڈز کیلیے پالیسیاں جلد پیش کردی جائیں گی۔




اس موقع پر ہوسٹن میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل عقیل ندیم، سابق سیکریٹری پٹرولیم جی اے صابری، ڈی جی پٹرولیم کنسیشنز قاضی محمد سلیم صدیقی، منیجنگ ڈائریکٹر اوجی ڈی سی ایل مسعود صدیقی، ایم ڈی پی پی ایل عاصم مرتضیٰ، کنٹری منیجر اوایم وی پاکستان پیٹر سیٹینگر نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں بڑی بین الاقوامی اور مقامی تیل وگیس کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی اور پاکستان کی نئی پٹرولیم پالیسی 2012 میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

کانفرنس کے دوران حکومت پاکستان، جی ایچ پی ایل، اوجی ڈی سی ایل، پی پی ایل، یونائیٹڈ انرجی آف پاکستان (یوای پی) اور ای این آئی کے درمیان ای این آئی کے انڈس۔جی آف شور بلاک میں فارم۔ان فارم۔آئوٹ شیئرز سے متعلق معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے۔ پاکستان پٹرولیم ایکسپلوریشن کانفرنس 2012 کا دوسرا مرحلہ اور روڈ شو کا انعقاد جمعرات 13 اور جمعہ14دسمبر کو لندن میں ہوگا۔
Load Next Story