بلدیاتی آرڈیننس میں ترمیم کی جا سکتی ہے تیمور تالپور

اپوزیشن تجاویز لائے،کالاباغ ڈیم کیخلاف دوبارہ قرارداد منظور کرائی جائے گی

توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر پر عمل درآمد جاری ہے۔

پی پی رکن سندھ اسمبلی نواب تیمور تالپور نے کہا ہے کہ سندھ پیپلز لوکل گورنمنٹ آرڈیننس پر اپوزیشن اسمبلی میں تجا ویز لائے تو اس میں ترمیم کی جا سکتی ہے۔

ملک کو بڑ ے ڈیموں سے کوئی بھی اقتصادی فائدہ حاصل نہیں ہو سکے گا، کالا باغ ڈیم کے خلاف سندھ اسمبلی سے دوبارہ قرارداد منظور کرائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گائوں مانجھاکر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرست نواز شریف پر دبائو ڈالیں کہ وہ پنجاب اسمبلی سے کالا باغ ڈیم کے خلاف قراداد منظور کرائیں، توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے مشترکہ مفادات کونسل کی سفارش پر بھاشا ڈیم سمیت دیگر چھوٹے ڈیموں کی تعمیر پر عمل درآمد جاری ہے، پی پی کالا باغ ڈیم جیسے سندھ دشمن منصوبے کو پہلے ہی دفن کر چکی ہے۔




انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے ضلع عمرکوٹ کی قومی اور صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ تالپور خاندان کو نہ ملنے کا پروپیگنڈہ بے بنیاد ہے، عوام کی بے لوث خدمت پر ٹکٹ تالپور خاندان ہی کو ملے گا۔ ہم نے سیلاب متاثرین کی بے پناہ خدمت کی، سڑکیں تعمیر کرائیں اور نوجوانوں کو ملازمتیں دیں، حلقے کے عوام سے جڑے رشتے میں کوئی دراڑیں نہیں ڈال سکتا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ الیکشن میں ایک قومی اور ایک صوبائی کی نشست پر وہ اور ان کے والد جبکہ صوبائی اسمبلی کی دوسری نشست پر نواب عبدالغنی تالپور الیکشن لڑیں گے۔
Load Next Story