یوروزون قرضہ بحرانتوپوں کارخ جرمنی کی طرف ہوگیا

مالیاتی منڈیوں نے اسپین پردبائوبڑھادیا،یورپی حصص مارکیٹس کی...


AFP July 25, 2012
ریٹنگ ایجسنی نے جرمنی کو سرفہرست سرمایہ کاری درجہ بندی ’ٹرپل اے‘ گرانے کی دھمکی دیتے ہوئے اس کا آئوٹ لک ٹھوس سے منفی کردیا۔ فوٹو: اے ایف پی

بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجسنی موڈیز انویسٹر سروسز نے منگل کو یورو زون قرضہ بحران پر توپوں کا رخ جرمن کی طرف کردیا، ریٹنگ ایجسنی نے جرمنی کو سرفہرست سرمایہ کاری درجہ بندی 'ٹرپل اے' گرانے کی دھمکی دیتے ہوئے اس کا آئوٹ لک ٹھوس سے منفی کردیا۔

موڈیز کے فیصلے سے مالیاتی منڈیوں میں یورو زون سے متعلق خدشات مزید سنگین ہوگئے ہیں، فیصلے کی اطلاع ملتے ہی اسپین کے طویل مدتی بانڈز پر سود کی شرح 7.5 سے بھی تجاوز کر گئی۔ یاد رہے کہ یورپ کی دیگر معشتیں مالیاتی منڈیوں میں ان کے قرضوں پر سود کی شرح 7فیصد سے بڑھنے پر ہی بیل آئوٹ لینے پرمجبور ہوئیں تھی تاہم اسپین کا اصرار ہے کہ اسے مکمل بیل آئوٹ کی ضڑورت نہیں۔

تاہم مارکیٹس اسپین کے بیان سے مطمئن نہیں، یہی وجہ ہے کہ یورو زون کا آئوٹ لک مزید خراب ہوتا جا رہا ہے اور انہی عوامل کی بنا پر منگل کو یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی کاآئوٹ لک منفی کردیا جس پر حصص مارکیٹس ابتدائی تیزی کے بعد مندی کا شکار ہوگئیں۔

موڈیز کا کہنا ہے کہ اس نے یورو زون قرضہ بحران سے پیدا ہونے والی غیریقینی صورتحال اور یونان کے یورو ایریا سے نکلنے کے بڑھتے ہوئے خدشات پر یہ فیصلہ کیا ہے تاہم اگر یونان یورو ایریا سے نہیں بھی نکلتا تب بھی یہ امکان بڑھ رہا ہے کہ رکن ملکوں خصوصاً اٹلی اوراسپین کو اجتماعی مدد کی ضرورت پڑے گی، اگر اس بحران کے نتیجے میں یا یورو ایریا ٹوٹنے سے یا پھر قرضوں کی لاگت بڑھنے سے جرمنی کو اپنے بینکوں کو سپورٹ کرنے کی ضرورت پڑی تو اس کی کریڈٹ ریٹنگ میں کمی کردی جائے گی۔

موڈیز کے فیصلے پر یورو گروپ کے سربراہ جین کلائوڈے جنکر نے زوردیا کہ اب یورو کے استحکام کیلیے فوری طور پر ٹھوس عزم کے اظہار کی ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ موڈیز کی وارننگ کا اثر دیگر ٹرپل اے ریٹڈ یورو ایریا ممالک ہالینڈ اور لکسمبرگ پر بھی ہوگا کیونکہ ان کا انحصار بھی یورو پر ہے۔

جرمنی کے وزیرخزانہ نے کہا کہ موڈیز نے جن عوامل کی بنیاد پر فیصلہ کیا ہے وہ نئے نہیں، موڈیز نے مختصرمدتی خدشات کی بنیاد پرتشخیص کی جبکہ طویل مدتی مستحکم آئوٹ لک کا حوالہ نہیں دیا گیا جبکہ جرمن معیشت اور فنانسز کی پوزیشن کافی مضبوط ہے، اس لیے برلن کی ''محفوظ پناہ گاہ کی حیثیت'' برقرار رہے گی اور وہ یورو ایریا میں استحکام کے نقیب کے طور پر کردار ادا کرتا رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں