پریمیئر فٹبال کے ای ایس سی کے محمد رسول نے 4 گول داغ دیے

کراچی پورٹ ٹرسٹ کو4-6 سے شکست، آج بلوچ ایف سی اورواپڈا کا مقابلہ ہوگا

اسٹرائیکرز عبدالسلام اور اورنگزیب سینئر نے میچ کے 35 اور 69 ویں منٹ میں گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ فوٹو: فائل

پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں کے ای ایس سی نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کو 6-4 سے ہرا دیا،کے پی ٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کی خاص بات فاتح ٹیم کے اسٹرائیکر محمد رسول کے چار گول تھے جو انھوں نے بالترتیب13،27،37 اور 63 ویں منٹ میں کیے۔

اسٹرائیکرز عبدالسلام اور اورنگزیب سینئر نے میچ کے 35 اور 69 ویں منٹ میں گیند کو جال کی راہ دکھائی، ناکام سائیڈ کے ڈیفینڈر نوید احمد،اسٹرائیکرز فہیم شاہ ، محمد اور مڈ فیلڈر ظفر مجید نے میچ کے بالترتیب دوسرے، 80 ویں اور 90+4 ویں منٹ میں گول داغے،کے پی ٹی کے ڈیفینڈر اختر، مڈ فیلڈر محمد وسیم جبکہ کے ای ایس سی کے مڈ فیلڈر جلیل احمد کو میچ کے بالترتیب15،61 اور 34 ویں منٹ میں یلو کارڈز کا سامنا کرنا پڑا، بہترین اسکورر اورکھلاڑی کے ایوارڈز محمد رسول کو دیے گئے۔ بدھ کو بلوچ ایف سی اورواپڈا کا میچ نوشکی فٹبال اسٹیڈیم میں ہوگا، ووہیب ایف سی لاہور اور کے آر ایل کی ٹیمیں فیم گرائونڈ لاہور میں مدمقابل ہوں گی۔ نیشنل بینک اور پی اے ایف کی معرکہ آرائی کے پی ٹی اسٹیڈیم کراچی میں ہونی ہے۔




دوسری جانب موصولہ اطلاعات کے مطابق نویں پی ایف ایف بی ڈویژن لیگ کے گروپ آف فائیو میں یونیورسٹی ایف سی فیصل آباد اور چاند ایف سی لیہ کے درمیان رائے علی نواز فٹبال گرائونڈ ساہیوال میں کھیلا گیا میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا، رائے علی نوازگرائونڈ ساہیوال میں بلوچ ایف سی کوئٹہ اور گرین اسٹار اوکاڑہ کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ ایونٹ میں بدھ کو پاک اسٹیل اور ہائر ایجوکیشن کمیشن جبکہ دوسرا مقابلہ پاک افغان کلیئرنگ ایجنسی اور ریلوے کے درمیان ہو گا۔

Recommended Stories

Load Next Story