ایران اور عمان کیلیے فیری سروس کی گزرگاہ کو حتمی شکل دیدی گئی

ابتدائی طورپر5،ایک مقامی کراچی تاگوادر،4کراچی/گوادرسے مسقط/چابہارچلائی جائیں گی،وزارت پورٹ اینڈشپنگ کوٹاسک دے دیاگیا


اظہر جتوئی October 10, 2016
ابتدائی طور پر5 فیری سروس چلائی جائیں گی جن میں ایک فیری سروس مقامی سطح پر چلائی جائے گی. فوٹو: فائل

لاہور: وفاقی حکومت نے بین الاقوامی سطح پر مسافر اور کارگو فیری سروس چلانے کے لیے سمندر ی گزرگاہ کو حتمی شکل دیدی ہے۔

ابتدائی طور پر5 فیری سروس چلائی جائیں گی جن میں ایک فیری سروس مقامی سطح پر چلائی جائے گی جبکہ 4 فیری سروس انٹرنیشنل سطح پر چلائی جائیں گی۔ عالمی سطح پر چلائی جانے والی فیری سروس پاکستان سے عمان اور پاکستان سے ایران کے درمیان چلائی جائے گی، اس سلسلے میں دونوں ممالک سے معاملات طے پا چکے ہیں۔ ایکسپریس کو موصولہ دستاویزات کے مطابق مقامی اور انٹرنیشنل سطح پر فیری سروس چلانے کا ٹاسک وزارت پورٹ اینڈ شپنگ کو سونپا گیا ہے۔ وزارت پورٹ اینڈ شپنگ نے ایک سال کی کوشش کے بعد معاملات کو حتمی شکل دیدی ہے۔ اس سلسلے میں 5 سمندری راستوں پر فیری سروس چلائی جائے گی، مقامی روٹ میں کراچی سے گوادر تک فیری سروس چلائی جائے گی جبکہ 4 انٹرنیشنل روٹس پر 2 فیری سروس کراچی اور 2 فیری سروس گوادر سے چلائی جائیں گی۔

ان میں گوادر سے مسقط (عمان)، کراچی سے مسقط(عمان)، کراچی سے چابہار (ایران)،گوادر سے چابہار (ایران)، شامل ہیں۔ دستاویزات کے مطابق فیری سروس چلانے کے لیے لائسنس کے حصول کے لیے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔ درخواستوں پر پہلے آئیں پہلے پائیں کے تحت جائزہ لے کر لائسنس جاری ہوں گے۔ وفاقی حکومت لائسنس حاصل کرنے والوں کو مراعات بھی فراہم کرے گی۔ وزارت پورٹس اینڈ شپنگ کے مطابق فیری سروس کے آغاز سے ایران جانے والے زائرین کو محفوظ اور سستی سفری سہولتیں میسر ہوں گی، عمان اور ایران سے تجات کا فروغ ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں