بولرز بنگلا دیش کو سیریز میں واپس لے آئے انگلینڈ34 رنز سے ناکام

میزبان ٹیم نے دوسرا مقابلہ جیت کر بدھ کو شیڈول میچ فیصلہ کن بنالیا، مشرفی نے 4 مہرے کھسکائے


Sports Desk October 10, 2016
میزبان ٹیم نے دوسرا مقابلہ جیت کر بدھ کو شیڈول میچ فیصلہ کن بنالیا، مشرفی نے 4 مہرے کھسکائے فوٹو : اے ایف پی

ISLAMABAD: بنگلادیش نے انگلینڈ کو دوسرے ایک روزہ میچ میں 34 رنز سے شکست دے کر 3 میچز پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

شیربنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مہمان انگلش ٹیم 239 رنز کے تعاقب میں 44.4 اوورز میں 204 رنز پرہمت ہارگئی۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے انگلش کپتان جوس بٹلر کے آؤٹ ہونے پر خوشی کا اظہار جس انداز میں کیا وہ آؤٹ ہونے والے بیٹسمین کی جانب سے غیرمناسب ردعمل کا باعث بنا اور فیلڈ میں موجود امپائروں کو مداخلت کرنا پڑی۔



آئی سی سی نے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی پر کارروائی کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ اور بیٹسمین صابر ظفر رحمان ایسی زبان، عمل یا اشارے کرنے کے مرتکب پائے گئے ہیں جس سے آؤٹ ہونے والا بیٹسمین اشتعال انگیزی کا شکار ہو سکتا تھا اس لئے ان پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ کردیا گیا جب کہ انگلش کپتان جوس بٹلر کی آئی سی سی کی جانب سے سرزنش کی گئی ہے۔

ہدف کے تعاقب میں انگلش کپتان جوز بٹلر57 رنز بناکر نمایاں رہے، انھوں نے جونی بیئراسٹو (35) کے ہمراہ پانچویں وکٹ کیلیے 79 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی لیکن بنگلہ بولرز ان پر حاوی ہوگئے، ان کے میدان بدر ہونے کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ پھر شروع ہوگیا، تاہم اسپنر عادل رشید نے کیریئر کا دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والے پیسر جیک بیل کے ہمراہ آخری وکٹ کیلیے 45 رنز جوڑ کر میزبان بولرز کوکچھ ٹف ٹائم دیا، لیکن بیل کے آؤٹ ہونے پر آسان فتح بنگلہ دیش کی جھولی میں آگری، بیل 28 رنز بنا کر پویلین واپس ہوئے جبکہ عادل رشید نے ناقابل شکست 33 رنز اپنے نام جوڑے، بین ڈوکیٹ اور بین اسٹوکس صفر کی خفت سے دوچار ہوئے، معین علی 4 رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے۔



بنگلہ دیشی کپتان اور پیسر مشرفی مرتضیٰ نے 29رنز کے عوض 4 شکار کیے، تسکین احمد نے 3 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، اس سے قبل ٹاس ہارنے والی بنگلہ دیشی ٹیم نے 50 اوورز میں 8 وکٹ پر 238 رنز جوڑے، محمود اللہ 75 رنز بناکر ٹاپ اسکورر بنے، کپتان مشرفی مرتضیٰ نے 29 گیندوں پر 44 رنز بٹور کر ٹیم کو تقویت فراہم کی، امرالقیس (11) اور تمیم اقبال (14) کو ووئکس نے اپنا شکار بنایا، جیک بیل نے صابر رحمن (3) کو قابو کیا۔

آغاز پر ملنے والے صدموں کے بعد محمود اللہ اور مشفیق الرحیم نے چوتھی وکٹ کے لیے 50رنز کی ساجھے داری بنائی،رحیم 21 رنز بناکر فائن لیگ پر معین علی کے شاندار کیچ کی بدولت وکٹ گنوابیٹھے، اسٹار آل رائونڈر شکیب الحسن 3 کے انفرادی اسکور پر بین اسٹوکس کے جال میں پھنس گئے، محمود اللہ اور مصدق حسین نے چھٹی وکٹ کے لیے 48رنز جوڑے، محمود اللہ عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد راشد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، انھوں نے 75رنز بنائے، اس کے بعد راشد نے مصدق (29) کو بھی معین کی مدد سے قابو کرلیا، ناصر حسین27 پر ناٹ آئوٹ رہے، کرس ووئکس ، جیک بیل اور عادل رشید نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، دونوں ممالک میں تیسرا اور فیصلہ کن ون ڈے بدھ کو چٹاگانگ میں کھیلا جائیگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے