گلشن اقبال 4خواتین اور5مردوں پر مشتمل ڈکیت خاندان گرفتار

طلائی زیورات،موبائل فونز اوراسلحہ برآمد،گرفتار ملزمان کا تعلق ساہیوال اورخاندان ایک ہی ہے، ایس پی گلشن عاصم قائمخانی.


Staff Reporter December 12, 2012
ڈکیتیوں کی وارداتوں میں ملوث خاندان کی خواتین اور مرد پولیس کی تحویل میں (فوٹو ایکسپریس)

گلشن اقبال پولیس نے ایک ہفتے قبل گھر سے ڈکیتی کر کے فرار ہونے والی4خواتین سمیت 9 افراد کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے طلائی زیورات ، موبائل فون ، ٹیلی فون ، وائرلیس فون اور اسلحہ برآمدکرلیا ۔

گرفتار ملزمان کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او گلشن اقبال رانا حسیب نے پولیس پارٹی کے ہمراہ گلستان جوہر بھٹائی آباد ندی کچی آبادی میں واقع ایک گھر میں چھاپہ مار کر بشیراں زوجہ فلک شیر اس کے2 بیٹوں زمان ، عمران ، شہناز اس کے شوہر اﷲ دتہ ولد مراد اس کی18سالہ بیٹی ممتاز ، نسیمہ عرف سیما اس کے شوہر اسلم ولد محمود احمد اور ندیم ولد سکندر کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے واردات کے دوران لوٹے گئے طلائی زیورات ، ایک قیمتی موبائل فون ، ٹیلی فون ، وی فون اور 2 ٹی ٹی پستول برآمد کر لیں ملزمان کے2 ساتھی بشرہ اور آفتاب طلائی زیورات ، نقدی اور دیگر سامان لے کر فرار ہو گئے۔

9

پولیس کے مطابق ملزمان نے5 دسمبر 2012 کو مکان نمبرD/154/1 بلاک7 گلشن اقبال کے رہائشی عبد العلیم کے گھر ڈکیتی مارکر 20 تولہ کے طلائی زیورات ، 2 لاکھ روپے نقدی، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ کر لے گئے تھے، ایس پی گلشن ڈویژن عاصم قائم خانی نے ملزمان کی گرفتاری کے فوری بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق ساہیوال اور پاک پتن سے ہے،عبدالعلیم کے گھر میں واردات کے لیے ملزمان نے دو ماہ قبل منصوبہ بندی کی تھی ، ملزمہ بشیراں نے عبد العلیم کے گھر میں بطور گھریلو ملازمہ ملازمت حاصل کر لی تھی۔

جبکہ گھر والوں نے شناختی کارڈ مانگا تو چند روز تک بہانے کرنے کے بعد وہ خود کام پر نہیں آئی بلکہ اپنی بیٹی کو بھیج دیا اور بیٹی نے آکر بتایا کہ اس کی ماں کی طبیعت خراب ہو گئی ہے کچھ دن تک وہ کام کرتی رہی اس کے بعد بشیراں دوبارہ کام پر آگئی اس دوران عبدالعلیم بشیراں سے شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی لینا بھول گئے واردات والے دن بشیراں گھر کا مرکزی دروازہ کھول کر اندر آگئی کچھ دیر بعد اس کے بیٹے اور دیگر مسلح ساتھی بھی گھر میں داخل ہوئے اور اہلخانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کر کے فرار ہوگئے تھے انھوں نے بتایا کہ ملزمان نے کچھ عرصہ قبل مبینہ ٹاؤن میں بھی2 گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں کی تھیں ، پولیس نے مخبر کی اطلاع پر ملزمان کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا ، ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والا سامان لوٹے گئے سامان سے بہت کم ہے،مزید سامان کی برآمد گی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں گرفتار ملزمان کے خلاف ڈکیتی اور اسلحہ ایکٹ کے تحت 4 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں