فلم ’رئیس‘ سے ماہرہ خان کو نکالنے کا فیصلہ

ماہرہ خان کا کردار اب بھارتی اداکارہ ادا کرے گی، بھارتی میڈیا


ویب ڈیسک October 10, 2016
فلم پروڈیوسر شاہ رخ خان کی جانب سے کسی قسم کی کوئی تصدیق نہیں کی جاسکی ہے ، بھارتی میڈیا۔ فوٹو : فائل

KABUL: شاہ رخ خان کی فلم 'رئیس' میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی جگہ بھارتی اداکارہ کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اڑی حملے کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان صورتحال کافی کشیدہ ہے جب کہ اس تمام صورتحال پر بالی ووڈ انڈسڑی میں ایک نیا تنازع کھڑاہوگیا ہے اور پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں کام کرنے کے معاملے پر فلم نگری دو حصوں میں بٹ گئی ہے،کئی نامور بھارتی اداکاروں نے پاکستانی اداکاروں کے حق میں آواز بلند کی ہے تو کوئی زہر اگل رہا ہے۔ اب بھارتی میڈیا میں خبریں گردش کررہی ہیں کہ شاہ رخ خان کی فلم 'رئیس' میں کنگ خان کے مد مقابل ہیروئین کا کردار اداکرنے والی مشہور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو فلم کی کاسٹ سے نکالا جارہا ہے اور ان کی جگہ کسی اور بھارتی اداکارہ کو شامل کیا جارہا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : فلم''رئیس''کی شوٹنگ ہندو انتہا پسندوں کے احتجاج کے باعث خطرے کا شکار

بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث ماہرہ خان کو فلم سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فلم کے ہدایت کار رتیش سدھوانی کے لیے یہ فیصلہ انتہائی تکلیف دہ ہے جب کہ اس مسئلہ سے نکلنے کے لیے دبئی میں شوٹنگ پر بھی غور کیا گیا لیکن مسئلے کا حل نہیں نکل سکا جس کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ ماہرہ خان کا کردار کوئی بھارتی اداکارہ نبھائے گی تاہم اس حوالے سے ابھی تک فلم پروڈیوسر شاہ رخ خان کی جانب سے کسی قسم کی کوئی تصدیق نہیں کی جاسکی ہے۔

دوسری جانب فلم ''رئیس'' کے پروڈیوسر رتیش سدھوانی نے ماہرہ خان کو فلم سے نکالنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ فلم کی کاسٹ سے کسی کو بھی علیحدہ نہیں کیا گیا ہے جب کہ فلم کو رواں برس 27 جنوری کو نمائش کےلیے پیش کیا جائے گا جس میں ماہرہ خان اہم کردار ادا کریں گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : کاجول نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی سے متعلق بیان پر اجے دیوگن کی حمایت کردی

واضح رہے کہ بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کی فلم ''رئیس'' اگلے برس 26 جنوری کو نمائش کے لیے پیش کی جانی تھی جس میں ان کے مدمقابل اداکارہ ماہرہ خان اور نوازالدین صدیقی نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔