30 اکتوبر کو اسلام آباد میں تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا ترجمان تحریک انصاف

نوازشریف آئینی اور اخلاقی طور پر وزیراعظم نہیں رہے، نعیم الحق

نوازشریف صاحب پامانا لیکس پر جواب نہیں دینا چاہتے، نعیم الحق فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق کہتے ہیں کہ نوازشریف آئینی اور اخلاقی طور پر وزیراعظم نہیں رہے اور 30 اکتوبر کو اسلام آباد میں تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ نوازشریف نے قومی اسمبلی میں وعدہ کیا تھا کہ وہ احتساب کے لیے خود کو پیش کریں گے لیکن حکومت کے رویے سے ظاہر ہے کہ نوازشریف صاحب پامانا لیکس پر جواب نہیں دینا چاہتے، نواز شریف کا جواب 200 صفحات سے زائد پر مشتمل ہے، نواز شریف کی ہٹ دھرمی 6 ماہ سے جاری ہے، وہ تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، ایسا کرکے انصاف کے نظام اور قوم کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ نوازشریف آئینی و اخلاقی طور پر وزیراعظم نہیں رہے۔ 30 اکتوبر کو اسلام آباد میں تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔


اس خبر کو بھی پڑھیں : پاناما پیپرز محض کاغذ کا ٹکڑا ہے

نعیم الحق نے کہا کہ وزیر اعظم کے وکیل نے الیکشن کمیشن سے کہا کہ وہ دو ہفتے کے لیے باہر جا رہے ہیں، نوازشریف کے وکیل نے 15 روز کا وقت لیا جو افسوس ناک ہے، عوام انصاف کی کمزوریوں سے تنگ آچکے ہیں، اس سے نفرتیں پھیلتی ہیں، الیکشن کمیشن سے اپیل ہے کہ اس قوم کو مزید مشکلات میں نہ ڈالا جائے، اس مقدمے کو طول نہ پکڑنے دیں، اب اگلے مہینے کی تاریخ دے دی گئی ہے قوم 20 دن تک اسی کشمکش میں مبتلا رہے گی،عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف دائر درخواستوں کو بھی فوری سنا جائے۔
Load Next Story