نواز شریف احتساب سے بچنے کےلئے غلط حربے استعمال کررہے ہیں عمران خان

پارلیمان میں جھوٹ کے بعد الیکشن کمیشن میں نوازشریف کا یوٹرن ثابت کرتا ہے کہ وہ احتساب سے بھاگ رہے ہیں، عمران خان

وزیراعظم فرار کی جتنی بھی کوشش کرلیں ہم انہیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے, عمران خان : فوٹو؛ فائل

تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ روز اول سے جانتے ہیں کہ نوازشریف احتساب سے بچنے کے لئے ہر غلط حربہ استعمال کریں گے لیکن طاقت اور اقتدار کے بل بوتے پر حقائق مسخ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ روز اول سے جانتے ہیں کہ نواز شریف احتساب سے بچنے کے لئے ہر غلط حربہ استعمال کریں گے اور آج بھی الیکشن کمیشن میں وزیراعظم کی جانب سے ان کے وکیل نے جو جواب جمع کرایا وہ جھوٹ پر مبنی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ وکیل کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں نوازشریف اپنی صاحبزادی مریم کی کفالت سے سرے سے ہی دستبردار ہوگئے ہیں جبکہ 2011 تک نواز شریف دستاویزی شکل میں ای سی پی اور ایف بی آر سمیت پوری قوم کو بتاتے تھے کہ مریم نواز ان کی زیرکفالت تھی، تحریک انصاف بھی وہ تمام دستاویز الیکشن کمیشن کے سامنے رکھ چکی ہے جن میں نواز شریف نے مریم کو اپنے زیر کفالت بتایا، پارلیمان میں جھوٹ کے بعد الیکشن کمیشن میں نوازشریف کا یوٹرن ثابت کرتا ہے کہ وہ احتساب سے بھاگ رہے ہیں، اب الیکشن کمیشن کا امتحان ہے کہ وہ وقت کے حکمران کے خلاف کیا کارروائی کرتا ہے۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: الیکشن کمیشن بے بنیاد الزامات پر کارروائی کا اختیار نہیں رکھتا ، وکیل وزیراعظم

چئیرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن میں وزیراعظم کا تازہ ترین جھوٹ ثابت کرتا ہے کہ انہیں پکڑے جانے کا کوئی خوف نہیں اور پارلیمان میں بھی اسی لئے جھوٹ بولا تھا کہ انہیں پارلیمان کی جانب سے بازپرس کا کوئی خدشہ نہیں تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ نوازشریف وزارت عظمیٰ کے منصب کا ناجائز فائدہ اٹھا کر سرکاری ریکارڈ میں رد بدل کی کوشش کریں گے لیکن ہم طاقت اوراقتدار کے بل بوتے پر حقائق مسخ کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے اوراگر وزیراعظم نے اس طرح کی کوشش بھی کی تو انہیں بھرپور مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم فرار کی جتنی بھی کوشش کرلیں ہم انہیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے جبکہ قوم کے ساتھ بولے گئے ایک ایک جھوٹ کا بھی حساب لیا جائے گا۔
Load Next Story