موجودہ ٹیم کی کامیابی کی بڑی وجہ خوداعتمادی ہے مصباح الحق

ٹیم صحیح راستے پر چل رہی ہے اوراسے ایک بنیاد مل گئی ہے،اب تمام کھلاڑیوں کو سخت محنت سےاسے جاری رکھنا ہے،کپتان ٹیسٹ ٹیم


ویب ڈیسک October 11, 2016
پٹیم صحیح راستے پر چل رہی ہے اوراسے ایک بنیاد مل گئی ہے،اب تمام کھلاڑیوں کو سخت محنت سےاسے جاری رکھنا ہے،کپتان ٹیسٹ ٹیم۔ فوٹو: فائل

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سرفراز احمد کی قیادت اور ون ڈے میں اظہر علی کی کپتانی میں وائٹ واش کے بعد ٹیسٹ سیریز میں کپتان مصباح الحق کا امتحان ہے جن کا کہنا ہے کہ موجودہ ٹیم کی کامیابی کی بڑی وجہ خود اعتمادی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم دن دنوں متحدہ عرب امارات میں موجود ہے جہاں گرین شرٹس کا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیسٹ سیریز میں مہمان ویسٹ انڈیز سے ٹاکرا جمعرات سے ہونا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کے کپتان سرفراز احمد اور ون ڈے کے کپتان اظہرعلی اپنی آزمائشوں میں کامیاب ہوگئے جس کے بعد ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا امتحان ہے جو مہمان ٹیم کو زیر کرنے کے لئے پرامید ہیں۔

کپتان مصباح الحق کا برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ موجودہ ٹیم کی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ اس کی خود اعتمادی ہے، اظہرعلی، اسد شفیق، یاسرشاہ اور سرفراز احمد پاکستان کا مستقبل ہیں، صرف یہی نہیں دیگر نوجوان باصلاحیت کرکٹرز بھی سامنے آئے ہیں جو آنے والے برسوں میں ٹیم کو بھرپور بنیاد فراہم کرسکیں گے۔ درحقیقت یہ ٹیم صحیح راستے پر چل رہی ہے اور اسے ایک بنیاد مل گئی ہے ایک طریقہ کار ملا ہے اب تمام کھلاڑیوں کو سخت محنت سے اسے جاری رکھنا ہے۔

کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ موجودہ ٹیم میں بڑے نام نہیں ہیں اور نہ ہی سپر اسٹارز ہیں لیکن ہر کھلاڑی ٹیم کے لیے کھیلتا ہے اور اس کا ٹیم کی جیت میں حصہ ہے ، ہر کھلاڑی نے اپنی صلاحیت سے بڑھ کر کارکردگی دکھانے کی کوشش کی جس میں وہ کامیاب رہا جس کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی حاصل ہوئی۔

ایک سوال پر ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ میں ٹیم سے باہر تھا اور واپسی ہوئی تو مجھے کپتان بنا دیا گیا جس کے بعد ہمارا مقابلہ دنیا کی بہترین ٹیم سے تھا، پاکستانی ٹیم نے اچھا کھیل کر دونوں ٹیسٹ میچز ڈرا کیے، درحقیقت یہی وہ موقع تھا جس نے ٹیم کے اندر نیا حوصلہ پیدا کیا اس میں خود اعتمادی آئی اور پھر اس کی کارکردگی میں بہتری آتی گئی جس کا تسلسل جاری ہے۔

حالیہ دورہ انگلینڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ انگلینڈ کے حالیہ دورے کو غیرمعمولی کارکردگی سمجھتا ہوں حالانکہ ہم نے سیریز برابر کی لیکن یہ بھی بہت بڑی کارکردگی ہے کیونکہ اس دورے سے قبل کئی لوگوں نے ہمیں بالکل ہی نظرانداز کردیا تھا اور ان کا خیال تھا کہ ہم نہیں جیت سکیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں