عظیم احمد طارق اورعمران فاروق کیس کی تحقیقات میں تعاون کیلئے تیار ہیں فاروق ستار

اس ایم کیوایم میں نہیں آؤں گا جس میں اسٹیبلشمنٹ الطاف حسین کو کبھی واپس لائے، سربراہ ایم کیوایم پاکستان


ویب ڈیسک October 11, 2016
اس ایم کیوایم میں نہیں آؤں گا جس میں اسٹیبلشمنٹ الطاف حسین کو کبھی واپس لائے، سربراہ ایم کیوایم پاکستان، فوٹو؛ فائل

ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ عظیم احمد طارق اور عمران فاروق کے قاتلوں کا پتا چلنا چاہیے جب کہ دونوں کیسز کی تحقیقات میں تعاون کے لئے تیار ہیں۔

ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ پارٹی کے بانی رہنما عظیم احمد طارق اور عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات میں تعاون چاہیے تو ہم تیار ہیں، ان دونوں کے قاتلوں کا پتا چلنا چاہیے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اس ایم کیوایم میں نہیں آؤں گا جس میں اسٹیبلشمنٹ الطاف حسین کو کبھی واپس لائے، 22 اگست کے بعد بانی ایم کیوایم نے کلہاڑی پر پیر مارا لیکن ہم نے اتنی بڑی قربانی دی اور اس کے باوجود ہمیں 22 اگست سے نکلنے نہیں دیا جارہا، ہمیں زبردستی لندن سے جوڑا جارہا ہے، ہمارے لیے راستے بند ہیں اور ہم پر غیراعلانیہ پابندی ہے جس کے باعث استعفے دینے کا سوچا، اس لیے اپنی ضرورت کے تحت جب بھی استعفے دیئے تو بلدیاتی نظام سے بھی باہر آئیں گے اور پاکستان کے سیاسی عمل پر عدم اعتماد کا اظہار کریں گے۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مائنس ون کا فارمولا پیپلزپارٹی میں بھی چل رہا ہے اور پیپلزپارٹی اپنے مائنس ون کو بچانے کے لیے تحریک انصاف کے پاس گئی۔ انہوں نے کہا کہ عزیز آباد سے ملنے والے اسلحہ سے لاعلم ہیں، یہ اسلحہ ہمارے لیے ناقابل فہم اور تصور سے باہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خورشید میموریل سیکریٹریٹ کو ویمن یونیورسٹی یا انسٹی ٹیوٹ بنادیا جائے جس پر ہم تیار ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں