سٹے بازی اورڈوپنگ کیخلاف جنگ جاری رہے گی آئی او سی

میچ فکسنگ اور قوت بخش ادویات استعمال کرنے والوں کوکھیل خراب نہیں کرنے دینگے،روگ


AFP July 25, 2012
جیکس روگ نے کہا ہے کہ انسداد ڈوپنگ کیلیے گیمز سے پہلے اور بعد میں ٹیسٹ لینے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور: انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے غیرقانونی سٹہ بازی اور ڈوپنگ کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، صدر جیکس روگ نے کہاکہ میچ فکسنگ اور قوت بخش ادویات استعمال کرنے والوں کو کھیل خراب نہیں کرنے دیں گے، انھوں نے کہا کہ آئندہ ونٹر اور سمر گیمز کیلیے ٹی وی نشریاتی حقوق 4 بلین ڈالر میں فروخت کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق لندن اولمپکس کے آغاز سے قبل انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کا تین روزہ سیشن شروع ہوگیا، اس موقع پر جیکس روگ نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ غیرقانونی سٹے بازی اور ڈوپنگ کے خلاف جنگ بدستور آئی او سی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، انھوں نے کہا کہ انسداد ڈوپنگ کیلیے ہم گیمز سے پہلے اور بعد میں ٹیسٹ لینے کا سلسلہ جاری رکھیں گے جبکہ گذشتہ گیمز کے دوران حاصل کیے گئے نمونوں کے بھی ٹیسٹ لیں گے، غیرقانونی بیٹنگ کے حوالے سے ہمارا انحصار مانیٹرنگ، برطانوی گیمبلنگ کمیشن و انٹرپول جیسی باڈیز کے ساتھ مربوط روابط پر ہے۔

اچھی گورننس سے کھیل سے ان دونوں خرابیوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے،اسپورٹس آرگنائزیشنز کو باقاعدگی کے ساتھ اپنے آڈٹ کرانے کی ضرورت ہے، روگ نے مزید کہا کہ کھیلوں میں خواتین کی شرکت کو زیادہ بنانے کیلیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں، لندن گیمز میں خواتین کے باکسنگ اور زیادہ سائیکلنگ مقابلے شامل ہیں، 2014 کے سوچی میں شیڈول ونٹر گیمز میں ویمنز اسکی جیمپنگ کا ڈیبیو ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ ونٹر اور سمر گیمز دونوں کے نشریاتی حقوق کی فروخت میں اچھا اضافہ ہورہا ہے، 2002-04 کے حقوق 2.2 بلین ڈالر، 2010-12 کے حقوق 3.9 بلین ڈالر میں فروخت ہوئے جبکہ 2014 کے سرمائی اور 2016 کے اولمپک گیمز کے براڈ کاسٹنگ حقوق 4 بلین ڈالرتک فروخت ہونے کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں