بھارت کے مایہ ناز ستار نواز پنڈت روی شنکر امریکا میں چل بسے

روی شنکر کو بھارتی حکومت نے پدم بھوشن کے علاوہ 1999 میں اپنے اعلیٰ ترین شہری اعزاز بھارت رتن سے بھی نوازا تھا۔

روی شنکر اپنے فن کے باعث مغربی ممالک میں بھی کافی مقبول تھے،انہیں 3 گریمی ایوارڈ سے بھی نوازاگیا،فوٹو: اے ایف پی

مشہور بھارتی ستار نواز پنڈت روی شنکر مختصر علالت کے بعد 92 سال کی عمر میں امریکی ریاست کیلیفورنیا میں چل بسے۔


اپریل 1920 کو بھارتی شہر (بنارس) کے ایک بنگالی خاندان میں پیدا ہونے والے روی شنکر ابتدائی طور پر اپنے بھائی کے طائفے میں بطور رقاص شامل تھے۔ 18 برس کی عمر میں انہوں نے رقص ترک کر کے ستار بجانا شروع کیا اورعالمی شہرت حاصل کی۔



پنڈت روی شنکر نے موسیقی کی تعلیم استاد علاؤالدین خاں سے حاصل کی جو برصغیر کے معروف موسیقار تانسین کے خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ انہوں نے بھارتی موسیقی کومغرب میں مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ مغربی ممالک میں بھی کافی مقبول تھے اور انہیں 3 گریمی ایوارڈ بھی ملے تھے۔ انہوں نے بیٹلز اور رولنگ اسٹونز جیسے مغربی موسیقار گروپوں کے ساتھ بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ بیٹلز کے گٹارسٹ ''جارج ہیریسن'' نے انہیں میوزک کے ''گاڈ فادر'' کا خطاب دیا تھا ۔اس کے علاوہ انہوں نے رچرڈ ایٹنبرو کی مشہور فلم 'گاندھی' سمیت کئی مشہور فلموں کی موسیقی بھی ترتیب دی ۔


روی شنکر کو بھارتی حکومت نے پدم بھوشن کے علاوہ 1999 میں اپنے اعلیٰ ترین شہری اعزاز بھارت رتن سے بھی نوازا تھا۔


پنڈت روی شنکر کی دونوں بیٹیاں ستار نواز انوشکا شنکر اور گریمی ایوارڈ یافتہ نوراہ جونز دنیائے موسیقی میں اہم مقام رکھتی ہیں۔

Load Next Story