دفترمیں وزن کم کرنے کے 6 آسان طریقے

بیشتر لوگ زیادہ دیر بیٹھے رہنے کو موٹا پے کی اصل وجہ قرار دیتے ہیں


ویب ڈیسک October 13, 2016
سبز چائے انسانی جسم میں پیاس کو دورکرنے میں بھی مددگارثابت ہوتی ہے بلکہ اضافی وزن کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ فوٹو: فائل

بیشترلوگ زیادہ دیربیٹھے رہنے کو موٹا پے کی اصل وجہ قراردیتے ہیں جب کہ متعدد افراد کے اپنے دفتر میں کام کی نوعیت کچھ اس طرح ہوتی ہے کہ نقل و حرکت تو دور کی بات ہے وہ دفترمیں چہل قدمی بھی نہیں کرپاتے ہیں اورانہیں بیٹھے بیٹھے ہی تمام کام سرانجام دینے پڑتے ہیں جس کے باعث وہ موٹے ہوجاتے ہیں یا ان کے موٹا پے میں کافی حد تک اضافہ ہوجاتا ہے تاہم دفتر جانے والے افراد بھی اپنا وزن کم کرنے میں ان 6 طریقوں سے مدد حاصل کرسکتے ہیں۔

سبز چائے:

دفترجانے والے افراد کو اپنے کام کے دوران کافی یا چائے سے گریزکرنا چاہیئے اور اس کے بجائے انہیں سبزچائے کا استعمال کرنا چاہیئے۔ سبزچائے نہ صرف انسانی جسم میں پیاس کو دور کرنے میں بھی مددگارثابت ہوتی ہے بلکہ اضافی وزن کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔



بھنے ہوئے آلو:

آلو ہماری خوراک کا نہ صرف حصہ ہے بلکہ اکثر لوگوں کی یہ پسندیدہ ڈش بھی ہے لیکن متعدد افراد اس کے فوائد اور نقصانات سے ناواقف ہوتے ہیں۔ ایک جانب یہ سمجھا جاتا ہے کہ آلو وزن بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جب کہ دوسری جانب بھنا ہوا آلو وزن کم کرنے میں آپ کی مدد کرتا ہے ۔ غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھنے ہوئے آلو میں روایتی تلے ہوئے آلو کے مقابلے میں کم کیلوریز اور چکنائی پائی جاتی ہیں جس کے باعث وہ اچھی صحت کے لیے خاصا مفید ہے۔



زیادہ ہنسیے:

ماہرین کے مطابق ہنسنے کا عمل انسان کے وزن کو تھوڑا کم کرنے میں مدد گار ہے، تقریبا 15 سے 20 منٹ تک ہنسنے سے جسم میں 40 کیلوریز تک جل سکتی ہیں جب کہ اس عمل سے جسم میں اضافی چربیوں کو کم کرنے اور میٹابولزم کے عمل کو بڑھانے میں مدد بھی ملتی ہے۔



دفتر میں ہلکی پھلکی حرکت:

دفترکے احاطے میں ہی تھوڑے فاصلے تک چلنا یا کام کے دوران کبھی کبھی کرسی سے کھڑے ہوکر پھر بیٹھنا بھی جسم میں چربی کو جمع ہونے سے روکنے میں اپنا کردارادا کرتا ہے۔ اس سے جسم میں خون کی گردش بہترہوتی ہے جس سے وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔



ہلکی پھلکی ورزش کرنا:

دفتری اوقات کے دوران ہلکی پھلکی ورزش بھی وزن کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے اور اس عمل سے بھی جسم میں لچک رہتی ہے جب کہ جسم میں ایک جگہ چربی بھی جمع نہیں ہوتی۔



کھانے میں احتیاط:

دفتر میں زیادہ بھوک لگنے پر بھی کھانے میں ہلکی پھلکی غذا لینی چاہیئے۔ ہلکی غذا کی بہترین مثال پاپ کارن ہیں، پاپ کارن سے طویل دورانیے تک سیر رہنے کا احساس باقی رکھا جاسکتا ہے جب کہ یہ وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں