سلیم خالق کی تحریراصلاحی طرزکی حامل ہوتی ہے شاہد آفریدی

ایکسپریس کوسلیم خالق پر فخر ہے، اعجاز الحق، کرکٹ کارنر کی تقریب رونمائی سے طاہر نجمی کا خطاب


Sports Reporter October 10, 2016
ایکسپریس کوسلیم خالق پر فخر ہے، اعجاز الحق، کرکٹ کارنر کی تقریب رونمائی سے طاہر نجمی کا خطاب

ممتاز آل راؤنڈر اور قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ ایک اچھاصحافی ہمیشہ حق بات اور سچ لکھتا ہے،سلیم خالق نے کھیلوں کی صحافت میں اس روایت کو دوام بخشا اور مفادات کو بالائے طاق رکھ کر بلا خوف و خطر اپنے قلم کو درست انداز میں استعمال کیا ہے، وہ اسپورٹس جرنلز م میں قدم رکھنے والوں کیلیے مشعل راہ ہیں.

انھوں نے ان خیالا ت کا اظہار روزنامہ ایکسپریس کے اسپورٹس ایڈیٹر سلیم خالق کی چھٹی کتاب ''کرکٹ کارنر'' کی تقریب رونمائی کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا، کے ڈی اے کلب میں منعقدہ تقریب میں مختلف مقررین نے بھی کتاب اور مصنف کی شخصیت کے حوالے سے اظہار خیال کیا، ان میں ایکسپریس کے سی ای او اعجاز الحق، ایکسپریس کے ایڈیٹر طاہر نجمی، چیئرمین پی سی بی کے مشیر و سابق ٹیسٹ کرکٹر صلاح الدین صلو، پی سی بی کے رکن گورننگ بورڈ اور کے سی سی اے کے صدر پروفیسر اعجاز فاروقی، کوئٹہ گلیڈیٹر کے روح رواں ندیم عمر،سابق چیف سلیکٹر و سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم بھی شامل تھے، تقریب میں ڈاکٹر جنید علی شاہ و دیگر بھی موجود تھے.

شاہد خان آفریدی نے کہا کہ میں نے سلیم خالق میں یہ خوبی دیکھی ہے کہ وہ کھیلوں خاص طور کرکٹ کے اہم اورحساس معاملات کو انتہائی باریکی سے پرکھتے ہوئے مدلل انداز میں خامیوں کی نشان دہی کرتے ہیں، ان کی تحریر تنقید برائے تنقد کے بجائے اصلاحی طرز کی حامل ہوتی ہے، ان کے مضامین اور کالم میں قومی مفاد کو مدنظر رکھا جاتا ہے ، وہ اختلافات کو ایک طرف رکھ کر سچائی اور ایمان داری سے حقائق کو ضبط تحریر میں لاتے ہیں، شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اچھا دوست ہونے کے باوجود انھوں نے میری خامیوں پر نگاہ رکھی اور اپنی تحریر میں اس پر تنقید بھی کی جس کا میں نے کبھی برا نہیں منایا کیوں کہ سلیم خالق نے ہمیشہ سچ لکھا.

ایکسپریس کے سی ای او اعجاز الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے ادار ے کو سلیم خالق پر ناز ہے، ایکسپریس کے کھیلوں کے صفحات کی عوام میں مقبولیت اور شہرت میں سلیم خالق کی محنت اور کاوش کا نمایاں دخل ہے، ایکسپریس کے ایڈیٹر طاہر نجمی نے کہا کہ آج کے دور میں مطالعے کے رحجان میں کمی کے ساتھ اچھی کتاب اور اچھے لکھنے والوں کا بھی فقدان ہے، سلیم خالق کا کرکٹ کے حوالے شائع ہونے والے اپنے منتخب کالموں کوکتابی شکل دینا قابل تحسین عمل ہے، یہ کتاب کرکٹ کے متعلقین اور شائقین کے لیے اہم دستاویز کی حیثیت رکھتی ہے.

اعجاز فاروقی نے کہا کہ سلیم خالق نے جب بھی لکھا سچ ہی لکھا، تنقید میں منفی انداز کے بجائے اصلاحی پہلو ان کی کامیابی ہے، صلاح الدین صلو نے کہا کہ سلیم خالق نے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور تعمیری انداز اپنایا ہے، اقبال قاسم نے کہا کہ سلیم خالق نے سبک رفتاری کے ساتھ عمدہ تحریر کی بدولت اپنا مقام پیدا کیا، ندیم عمر نے کہا کہ سلیم خالق کی تحریر ان کی شخصیت کی عکاس ہے، ان کے مستند کالم کرکٹ میں بہترین رہنما کی مانند ہیں.

صاحب کتاب سلیم خالق نے کہا کہ انھوں نے ہمیشہ صحافت کے تقدس کا خیال رکھنے کی کوشش کرتے ہوئے اپنے قلم سے سچائی اور حقائق تحریر کیے، اس ضمن میں ادارے نے بھی کسی بھی قسم کے دباؤ سے بالا تر ہوکر لکھنے کی حوصلہ افزائی کی، آئندہ بھی حق اور انصاف کی بات لکھنے کی کوشش کروں گا، آخر میں سلیم خالق نے مہمان خصوصی شاہد آفریدی کو اپنی کتاب کرکٹ کارنر پیش کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں