مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی بھارتی کوششیں ناکام بناتے رہیں گے پاکستان

مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی سفارتی کوششوں کی وجہ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، ترجمان دفتر خارجہ


ویب ڈیسک October 14, 2016
عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی اسنانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے،ترجمان فوٹو: فائل

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی ہرممکن ہتھکنڈے آزما رہا ہے لیکن پاکستان بھارت کی تمام سازشوں کو بے نقاب کرتا رہے گا۔

دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے اور 3 ماہ سے مسلمانوں کو نماز جمعہ بھی ادا کرنے نہیں دی جارہی، نہتے عوام پر چھرا بندوقوں کا استعمال مسلسل جاری ہے۔ دوسری جانب بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کا سہارا لے کر عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کی ناکام کوشش کرنے میں مصروف ہے، کبھی میڈیا مہم چلائی جاتی ہے ، کبھی سرحد پر کشیدگی بڑھا دی جاتی ہے تو کبھی سرجیکل اسٹرائیک کے جھوٹے دعوے کئے جاتے ہیں۔

نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ان ہتھکنڈوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گا پاکستان نے پوری دنیا سمیت مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو اجاگر کیا، یورپ اور شمالی امریکا میں ہونے والے مظالم پر بھی آواز بلند کی اور مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بین الاقوامی برادری کو مداخلت کا کہا اور کہتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پاکستانی ہائی کمشنر نے برطانوی حکومت کو ڈوزیئرجمع کرایا، حکومت پاکستان نے اپنے نمائندے بھیجے ، جنہوں نے جنرل اسمبلی کے صدر سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کوعالمی سطح پراجاگرکیا اور ان خصوصی نمائندوں کے دورے کامیاب بھی رہے ، ترکی نے کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سرجیکل اسٹرائیک بھارت کے جھوٹوں میں سے ایک اور جھوٹ ہے اور یہ ڈرامہ خود بھارتی میڈیا نے بے نقاب کردیا ہے۔ اب عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور بھارت پر دباؤ ڈالے کہ کشمیری عوام کو ان کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق خود ارادیت کا حق دیا جائے۔

نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ اب بھارت پاکستان کی سفارتی کوششوں کی وجہ سے گھبرایا ہوا ہے، مقبوضہ کشمیر میں مظالم میں تیزی اور شدت، جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی، ہمسایہ ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق مشن کو مقبوضہ کشمیر میں جانے سے روکنا بھارت کی گھبراہٹ اور پریشانی کا منہ بولتا ثبوت اور مظہر ہے۔ موجودہ حالات میں میڈیا کا کردار قابل تعریف ہے، پاکستانی میڈیا نے بھارتی میڈیا کے جھوٹ کو آشکار کیا اور منہ توڑ جواب دیا ، سرل المیڈا کی خبر مفروضات پر مبنی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |