وزیرداخلہ نے صحافی سرل المیڈا کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیدیا

ای سی ایل سے نام نکالنے پر انکوائری پر کوئی اثر نہیں پڑےگا، ترجمان وزارت داخلہ


ویب ڈیسک October 14, 2016
چوہدری نثار علی کی اے پی این ایس اور سی پی این کے نمائندوں سے ملاقات میں یقین دہانی ، فوٹو:فائل

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی نے انگریزی روزنامے ''ڈان'' کے صحافی سرل المیڈا کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی نے صحافیوں کی تنظیم اے پی این ایس اور سی پی این کے نمائندوں سے ملاقات کی اس دوران وفاقی وزیراطلاعات ونشریات پرویز رشید بھی موجود تھے۔ ملاقات میں وزیرداخلہ نے یقین دہانی کروائی کہ سرل المیڈا کا نام ای سی ایل سے نام نکال دیا جائے گا تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ صحافی تحقیقات میں حکومت کی مدد کریں گے تاکہ جس شخص نے یہ خبر لیک کرائی اس کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔

دوسری جانب ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیرداخلہ کا سرل المیڈا کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم جاری کردیا، وزیرداخلہ نے یہ حکم آزادی صحافت اور آزاد میڈیا کے لیے خیرسگالی کے طور پر جاری کیا جب کہ ای سی ایل سے نام نکالنے پر انکوائری پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے متعلق ''ڈان'' اخبار میں شائع ہونے والی من گھڑت خبر پر تشویش کا اظہارکیا گیا تھا جب کہ شرکا نے اس خبر کو رپورٹنگ کے عالمی اصولوں کی خلاف ورزی قراردیتے ہوئے کہا کہ خبرمیں غیرمستند اور گمراہ کن مواد شامل کرکے قومی سلامتی سے متعلق ریاستی مفادات کوخطرے میں ڈالا گیا۔ وزیر اعظم نے خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے تعین اور ان کےخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |